اسلام آباد،نوابشاہ،لاڑکانہ،حیدر آباد،لاہور،لندن (نامہ نگار،92 نیوزرپورٹ،بیورو رپورٹ،خبر نگار خصوصی) نیب نے منی لانڈنگ اورجعلی اکاؤنٹس کیس میں شریک چئیرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری کی بہن فریال تالپور کوبھی گرفتار کر لیا۔ فریال تالپور کو اسلام آباد کے علاقے ایف ایٹ سے آصف زرداری کے گھر کے سامنے واقع ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا، ان کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے کر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا،انہیں نیب دفتر کی بجائے گھر میں ہی نظربند رکھا جائے گااورجسمانی ریمانڈکیلئے آج احتساب عدالت پیش کیا جائے گا، نیب کی ٹیم نے فریال تالپور کے طبی معائنے کے لیے ڈاکٹروں کی ٹیم کو زرداری ہاؤس طلب کر لیا ۔گرفتاری کیلئے جانے والی نیب ٹیم میں ڈائریکٹر شیخ شعیب،ڈپٹی ڈائریکٹرزمجتبیٰ خان، افشاں بشارت شامل تھے ۔نیب کے اعلامیہ میں کہا گیافریال تالپور تاحکم ثانی اپنے گھر میں مقید رہیں گی، نیب نے ان کی عزت نفس کا پہلے بھی احترام کیا اور آئندہ بھی اس کا خیال رکھا جائے گا۔واضح رہے فریال تالپور نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں عبوری ضمانت میں 5 مرتبہ توسیع حاصل کی۔فریال تالپورکی سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پروڈکشن آرڈرتیار کرلئے گئے ،سیکرٹری سندھ اسمبلی پروڈکشن آرڈرجاری کرینگے جس کے بعد وہ پیرکوہونے والے سندھ اسمبلی اجلاس میں شریک ہوسکیں گی۔فریال تالپور کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری نے کہا گرفتاری بلاجوازاور دباؤ کا حربہ ہے ،حکمرانوں کو یکطرفہ احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا حساب دینا ہو گا،علیمہ باجی کے ناجائز اور غیر قانونی اثاثوں بارے تحقیقات کیلئے نیب اپاہج ہے ۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا حکومت سٹ پٹا گئی،اس سب کا تعلق بجٹ کے ساتھ نظر آرہا ہے ،عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے یہ سب کیا جارہا ہے ۔ نثار کھوڑو نے کہا فریال تالپور اور علیمہ باجی کے لئے احتساب کا معیار الگ الگ ہے ۔چوہدر ی منظوری نے کہا سیاسی مخالفین کی گرفتاریاں بدترین انتقام کی نشانی ہے ۔معاملے پر پیپلزپارٹی پنجاب کا اہم اجلاس آج ہوگا۔فریال تالپور کی گرفتاری کیخلاف نوابشاہ میں جیالوں نے پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا،ٹائر جلائے اور حکومت اور نیب کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی اور سپاف نے کینڈی مارکیٹ سے جناح باغ تک احتجاجی ریلی نکالی اورٹائر نذرآتش کرکے دھرنا دیا۔حیدرآباد پریس کلب کے سامنے پیپلز آرگنائزیشن اور پیپلزپارٹی لیڈیز ونگ نے احتجاجی مظاہرے کئے ۔لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہرآصف زرداری ، فریال تالپور اور حمزہ شہباز کی گرفتاریوں کیخلاف مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے ن لیگ اور پی پی کے حق میں نعرے لگائے ۔حسن نوازاور حسین نواز دعوت کے باوجود مظاہرے میں شریک نہیں ہوئے ۔ اسلام آباد(آن لائن، این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ حکومت گرانا چاہیں تو آج گراسکتے ہیں لیکن چاہتے ہیں کہ حکومت مدت پوری کرے ، آپ نے ہمیشہ حکومت میں نہیں رہنا ،اب دمادم مست قلندر ہوگا، قیادت جیل میں ہوگی اور کارکن باہر نکلیں گے تو خون خرابہ ہوگا، یہ سب وزیر داخلہ کرارہے ہیں۔فریال تالپور کی گرفتاری کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا ہر ادارے کو بلیک میلنگ اور دباؤکے ذریعے چلانے کی کوشش کی جارہی ہے ،یہ بزدلوں کی حکومت ہے جو جانتی ہے کہ وہ کسی وقت بھی گھر جاسکتی ہے ، پیپلز پارٹی نے ہر دور میں ظلم کا مقابلہ کیا، یہ کٹھ پتلی تو کوئی چیز ہی نہیں، حکومت اپوزیشن رہنمائوںکی پکڑ دھکڑسے عوام کی توجہ ان کے معاشی قتل سے ہٹانا چاہتی ہے ،یہ پی ٹی آئی ایم ایف کا بجٹ ہے ، کٹھ پتلی حکومت ججز کے خلاف استعمال ہورہی ہے اور ججز کو سازش کے تحت ہٹایا جارہا ہے ،نیب کو سیاسی انتقام کیلئے بنایا گیا ، جب سے عمران کی حکومت آئی محسوس ہو رہا کہ ایک نہیں دو پاکستان ہیں۔ میرے والد اور پھوپھو کو جیل میں ڈال دیا گیا، چادر اور چار دیواری کا خیال نہ رکھنے والے بزدل حکمران مسلط ہیں، یاد رکھیں آپ کے گھر میں بھی ماں، بہن بیٹی ہیں، دعا کریںپیپلزپارٹی کی حکومت آئے ، ورنہ دیکھنا آپ کے ساتھ کیا ہونے والا ہے ، نئے پاکستان اور مشرف کے پاکستان میں کوئی فرق نہیں۔اپوزیشن پر قومی اسمبلی میں بات کرنے پر سینسر شپ ہے ، یہ بزدل خان کا نیا پاکستان ہے ۔مانیٹرنگ ڈیسک چیئرمن پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری رات گئے اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے ۔وہ لاہور میں دو روز قیام کریں گے ۔وہ دورے کے دوران پیپلزپارٹی پنجاب کی قیادت سے حکومت مخالف رابطہ عوام مہم پر مشاورت کریں گے ۔وہ پی پی پنجاب کے نائب صدر اسلم گل سے ان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کے علاوہ سینئر پارٹی رہنمااعتزازاحسن سے بھی ان کے گھرجاکر ملاقات کرینگے ۔