کوئٹہ (سٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ جعلی حکومت کسی صورت قبول نہیں اب یہ مزید نہیں چلے گی ،یقین ہے بڑی سیاسی جماعتیں حکومت گرانے میں ہمارا ساتھ دیں گی،آنے والا ہر دن اہم ہے حکومت کھوکھلی دیوار ہے جسے جلد ہی گرائیں گے ،حاصل بزنجو بھی بلوچ اور انکا تعلق بلوچستان سے ہی ہے صادق سنجرانی کے آنے سے بلوچستان کو نسے پر لگ گئے ؟یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ آمد کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔فضل الرحمن نے کہا کہ ہم پاکستان کی حقیقی آزادی ، خود مختاری ، نظریاتی شناخت کی جنگ لڑ رہے ہیں پاکستان کی نظریاتی شناخت کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتے ۔جعلی حکومت اب مزید نہیں چلے گی ہم اسے اسکے انجام تک پہنچائیں گے ۔ ہم آئین وقانون کی بات کرتے ہیں آئین کہتا ہے تمام قوانین قرآن و سنت، زندگی اسلامی تعلیمات کی تابع ہوگی ،عربی کولازمی مضمون قرار دیا جائیگا،عقیدہ ختم نبوت کا مرتکب دائرہ اسلام سے خارج اور توہین رسالت کی سزا موت، یہ میں نہیں آئین کہہ رہا ہے اگر آئین کے ان حصوں پر حملہ کیا گیا تو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مذہب لاوارث نہیں ہے ،لبرلز مافیا کے چراغ بجھ رہے ہیں ۔