تائی پے (ویب ڈیسک) کہتے ہیں آئینہ سچ بولتا ہے لیکن تائیوان میں جدید ٹیکنالوجی سے تیار سمارٹ آئینہ نہ صرف سچ بولتا ہے بلکہ جلدی امراض کے بھید بھی کھولتا ہے ۔اس آئینے کو ’’ ہائی مِرر‘‘ کا نام دیا گیا ہے جو انتہائی گہرائی اور تفصیل سے ہر روز آپ کے چہرے کا معائنہ کرتا ہے ۔ اس کا خاص نظام 8 مختلف طریقوں سے آپ کے چہرے کا جائزہ لیتا ہے ۔ اس طرح چہرے کے داغ، دھبے ، جھریوں، خشکی، پانی کی کمی، رنگت اور جلد کی ناہمواری کو بھی روکتا ہے ۔ہائی مِرر کا سافٹ ویئر کسی جلدی عارضے کی صورت میں لوشن اور کریم کے متعلق بھی مشورہ دیتا ہے ۔ اس کا ایک اور فیچر ’’ میک اپ سٹوڈیو‘‘ ہے جسے استعمال کرکے آپ صرف آئینے میں ہی اپنے چہرے پر میک اپ کرکے دیکھ سکتی ہیں کہ فلاں میک اپ اور لِپ اسٹک لگانے سے چہرہ کیسا دکھائی دے گا؟ اسطرح آئی لائنر، بلش، سات طرح کی لپ اسٹک اور آئی لیشز کو استعمال کیے بغیر سکرین پر ان کا جائزہ لیا جاسکتا ہے ۔