اسلام آباد،لاہور،ملتان(خصوصی نیوز رپورٹر،جنرل رپورٹر ،وقائع نگار ،سپیشل رپورٹر،92نیوزرپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں ) حکومت کا کہنا ہے اسلام آباد آنا مذاق نہیں،پی ڈی ایم کو آئینہ دکھانے پر لاہوریوں کو سلام پیش کرتے ہیں،جلسہ غیر قانونی تھا ، منتظمین کیخلاف کارروائی ہوگی۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات و سینیٹر شبلی فراز نے پی ڈی ایم کے لاہور جلسہ کو موسم کی طرح ٹھنڈا قرار دیتے ہوئے کہا ہے لاہور کے عوام نے مریم نواز کو مسترد کر دیا ۔ چائے کی پیالی میں طوفان سے سیاسی عدم استحکام نہیں ہوتا۔92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اپوزیشن والے کہتے تھے لاہور جلسہ ریفرنڈم ہوگا ،لاہور یوں نے اپنا حق دہی ان کیخلاف استعمال کر کے ریفرنڈم دیدیا ۔ پی ڈی ایم والے دس ، پندرہ ہزار سے زیادہ لوگ اکٹھے نہیں کر پائے ، یہ ان کیلئے عبرت کا مقام ہے جس کا شاہد مینار پاکستان ہے ۔ یہ ان کی ذا تی جنگ ہے اسے قوم کی جنگ نہیں بنا سکتے ۔ جلسہ کرنا غیر قانونی تھا اور ہے ان کیخلاف مقدمہ درج کیاجائے گا لیکن ہم نے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔جلسہ سے واپسی پر لوگ خو د کو قرنطینہ کرلیں ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا عوام کو لوٹنے والے سیاسی مداری ایک بار پھر اکٹھے ہو گئے ۔عوام ان چوروں لٹیروں کے ہاتھوں بیوقوف بننے کیلئے تیار نہیں،اپوزیشن سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا دو ماہ کمپین چلائی جارہی تھی ، جلسہ مجھے متاثر نہیں کر سکا ،جلسہ بہت بڑا سکیورٹی رسک تھا ، پاکستان میں انتشار پیدا کر نے کی کوشش کی جارہی ، سب سیاستدانوں کو ملکر کام کر چاہیے ۔ لاہور ان کا گڑھ ہے لیکن یہاں تاریخی جلسہ نہیں ہوا ۔ آج پی ڈی ایم کے خواب چکناچور ہو گئے ،دو ماہ تحریک چلانے کے بعد یہ نارمل جلسہ ہی کرسکے ۔ یہ ابھی جلسوں کی اور تاریخیں دیں گے لیکن اسلام آباد آنا کوئی مذاق نہیں ۔ یہ وفاکرینگے ہم وفا کرینگے یہ جفاکرینگے ہم بھی جفا کرینگے ۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا میڈیا نے پوری دنیا کے سامنے ان کے جلسے کی ہوا نکال دی۔ یہ مسترد شدہ ٹولہ ہے ، ان کیلئے عوام نے نہیں نکلنا ہے ۔وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہرنے کہا 11 جماعتیں ملکر بھی لاہورمیں اکیلے تحریک انصاف جیساجلسہ نہ کرسکیں۔فیٹف قوانین کی مخالفت، پاکستان کی اکائی کیخلاف تقریر، قائد اعظم کے مزار کی تضحیک، بالاکوٹ فتح کو نقصان پہنچانے کی کوشش، عسکری اداروں اور سابق سپریم کورٹ ججز پر جملے کسنا، اہل لاہور کی تذلیل کرنا، عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈالنا۔ آج یہ زہریلا بیانیہ اہل لاہور نے مسترد کر دیا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کراچی جلسے میں اردو کو قومی زبان ماننے سے انکار کیا گیا تھا ،لاہور جلسے میں ایک تقریر میں پنجابیوں کو انگریزوں کا ساتھی قرار دیا گیا ۔یہ لوگ اپنی چوری کی دولت بچانے کیلئے کس راستے پر چل پڑے ہیں؟ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا اچکزئی جیسے لوگ آج پنجابیوں اور لاہوریوں کو طعنے دے رہے ہیں۔ یہ پہلی بارنہیں کہ ن لیگ نے بھی پنجابیوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے ۔اٹھارہویں آئینی ترمیم میں آرٹیکل 157 پردستخط کر کے بھی پنجاب کیساتھ زیادتی کی گئی تھی۔سینٹ میں قائدایوان ڈاکٹروسیم شہزادنے کہامریم صفدرکی تقریرمیں سے لفظ لاہوریو نکال دو تو پیچھے گراؤنڈ میں صرف سردی بچتی ہے ، پی ڈی ایم جلسہ کااحوال’’آرہوانہ پارہوا،یہ کیاہواجھوٹے عیار‘‘۔وزیر اعظم کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا دو ہفتے مریم نواز نے لاہوریوں کے ترلے اور منتیں کیں ، لاہور تو کیا کارکن بھی باہر نہ نکلے ۔ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاصرف کپتانcrowd pullerہے ، 24 گھنٹے میں اسلام آباد کا پریڈ گراؤنڈبھر دیا، 2 دن کی کال پرگریٹر اقبال پارک میں آزادی مارچ کا سونامی آیا۔ تحریکیں جنون سے بنتی ہیں، کرپشن کے مال سے نہیں۔ پی ڈی ایم لاہور جلسے کا مین آف دی میچ،ڈرون کیمرہ! عوام کا سمندر تو کیا، کوئی لہر بھی نظر نہ آئی۔ پی ڈی ایم ریجیکٹڈ ،پنجاب کا فیصلہ ۔معاون خصوصی شہبازگل نے کہا 3ماہ کی کمپین،سوا ارب کی انویسٹمنٹ ،11جماعتیں اورنتیجہ ایک فلاپ جلسہ۔پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل چکی، ان بے چاروں کے پاس سلوگن بھی جعلی اور چوری شدہ ہے ۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہا اپوزیشن مودی کے بیانیے پر چل رہی ، چالیس سال سے اقتدا ر میں رہنے والے مداری پھر اکٹھے ہوئے ہیں، کسی ناگہانی صورتحال کی تمام تر ذمہ داری پی ڈی ایم کی قیادت پر ہوگی۔وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا لاہوریوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انہوں نے پی ڈی ایم کے بیانیہ پر ایسا طمانچہ مارا جس کے بعد یہ منہ چھپاتے پھریں گے کیونکہ مینارپا کستان پران کا فلاپ ترین جلسہ ہوا ۔ لاہوریوں کوسلام پیش کرتاہوں ۔ جراتمند اور غیرتمندلاہوریوں نے ایک بار پھر آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کو آئینہ دکھا دیا۔ پی ڈی ایم کو چلو بھر پانی میں ڈوب مرنا چاہیئے ۔ معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا عوام کو کورونا کے حوالے کرکے پی ڈی ایم قائدین خود تیتر ، بٹیر کھاتے رہے ۔ راجکماری، شہزادہ،مولانا اور حواریوں کی منفی سیاست کا جنازہ نکل گیا۔حکومت کو گھر بھیجنے کا دعویٰ کرنے والوں کولاہوریوں نے اوقات یاد دلا دی ۔ایک کھلاڑی نے 11کھلاڑیوں کو چاروں شانے چت کردیا۔لاہور کے عوام نے فساداورانتشارکابیانیہ مستردکیا،نہ کوئی آرہوانہ پار ہوا بلکہ آپ کابیانیہ سرحدپارہوا۔پی ڈی ایم کے تمام رنگباز فنکاروں اور دل پشوری کے منتظمین کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے ،جلسے میں آئے چند افراد خود کو قرنطینہ کر لیں۔مینارپاکستان میں ہونے والے نقصان کے اخراجات پی ڈی ایم اداکرے گی۔وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا لاہوریوں کاشکریہ،انہوں نے (ن )لیگ کے بیانیے کاساتھ نہیں دیا، لاکھوں کا دعویٰ کرنے والے ہزاروں بھی اکٹھے نہ کرسکے ۔لانگ مارچ کی تاریخ بھی نہیں دی گئی،قوم کوکنفیوژ کرکے چلے گئے ۔جلسہ کرنیوالوں کیخلاف مقدمات درج ہوں گے ۔بلاول بھٹوکی شہبازشریف سے ملاقات کی درخواست نہیں ملی، درخواست آئی توجائزہ لیں گے ۔