اسلام آباد(صباح نیوز، اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ جلسے ،جلوس کرنا اپوزیشن کا حق ہے ، اپوزیشن لیڈروں سے گزارش ہے کہ اپنے اداروں کے حوالے سے احتیاط سے گفتگوکریں ،انڈین ٹی وی چینل پاکستان کے بارے میں کہہ رہے ہیں جس ملک میں ایسی کیفیت ہو وہاں انڈیا کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ،اگر اپوزیشن کو حکومت سے اعتراض ہے تو سیاسی اعتراض کو سیاسی سطح پر ہی رکھے ۔ ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں صدر مملکت نے کہاکہ2013 کے الیکشن پر ہم نے احتجاج بھی کیا اور عدالت میں ثبوت لے کر بھی گئے ۔ مولانا فضل الرحمن کے احتجاج سے مسئلہ کشمیر بیک گرائونڈ میں چلا گیا دنیا کا فوکس احتجاج کی جانب ہوگیا۔ انہوں نے کہاکہ ووٹرز کی بائیو میٹرک تصدیق کرانا چاہیے فری اینڈ فیئر الیکشن ہونا ضروری ہیں ۔ علاوہ ازیں صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ سرکاری افسران کا پاکستان کو درپیش چیلنجزکا مقابلہ کرنے کے لئے بہترین بین الاقوامی پالیسیوں سے ہم آہنگ ہونا ضروری ہے ۔ نیشنل سکول آف پبلک پالیسی سرکاری افسران کی استعدادِکار میں اضافے کے لئے آن لائن کورسز کا آغاز کرے ۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔بورڈ نے این ایس پی پی کے گریڈ17 کے افسران کی ترقی کے معاملات سے متعلق فیصلوں کی توثیق کی۔