لاہور(نامہ نگار؍ این این آئی)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کی رہائی مستقل نہیں ،آصف زرداری، فریال تالپور اور مریم نواز کو باہر جاتا ہوا نہیں دیکھ رہا ، بلاول بھٹو 5 کیسز میں نیب کو مطلوب ہیں، پلی بار گین نہ کی تو مریم نواز کی طرح اس کی سیاست بھی ختم ہو جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جلو شٹل ٹرین کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔شیخ رشید نے کہا اگلے 15 دن میں لاہور سے روائیونڈ کے درمیان شٹل ٹرین چلائی جائے گی،اس کے علاوہ نئے سال کے شروع میں لاہور سے گوجرانوالہ کے درمیان شٹل چلائی جائے گی جس کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان کریں گے ، لاہور سے گوجرانوالہ کے درمیان شٹل ٹرین کا کرایہ 100 روپے ہوگا ۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کے تقررکے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس معاملے پر’ کچھ لواور کچھ دوکرناچاہئے ‘ کی باتیں غیر آئینی ہیں، جب یہ کہتے ہیں کہ ایک ن لیگ کاہواور ایک پیپلز پارٹی کاہو تواس کا مطلب ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے جبکہ مطالبات شفاف انتخابات کے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا پی آئی سی میں پیش آنے والے واقعہ پر پوری قوم غم میں ہے اور اس سے پوری دنیا میں پاکستان کا تشخص مجروح ہوا ،یہ کہا جارہاہے کہ ہم قوم نہیں بلکہ ہجوم ہیں اور یہاں انسانیت کے دشمن ہیں اوربیماروں اور ہسپتالوں کو بھی نہیں بخشا جارہا،جس دن یہ واقعہ ہوا، اس دن وزیر اعلیٰ ،چیف سیکرٹری او رآئی جی پنجاب اسلام آباد میں تھے حالانکہ ان میں سے ایک کولاہور میں ہونا چاہئے تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت دو سے تین ماہ میں مہنگائی، بیروزگاری ، بجلی اور گیس کے بلوں پر کنٹرول کرلے گی ۔ انہوں نے فضل الرحمان کے دعوے کے سوال کے جواب میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کس دسمبرکو آخری دسمبر کہہ رہے ہیں، وہ جس دسمبر کی بات کر رہے ہیں، وہ 3 سال بعد آئے گا، اصل میں مولانافضل الرحمان سے ہاتھ ہو گیا اور انہوں نے خود اعتراف کیا ہے ، اس کا فائدہ آصف زرداری او رنواز شریف نے اٹھایاہے ۔ انہوں نے کہا مودی نے جس طرح کے اقدامات اٹھائے ہیں، مسلمانوں پر بالآخر فرض ہو گیا ہے کہ وہ اپنے مسلمان بھائیوں کے لئے کھڑے ہوں ، پاکستا ن اوربھارت میں کشیدگی بڑھے گی اور صورتحال جنگ کی طرف جائے گی ۔