پشاور، ملتان (خبر نویس، خبر نگار )وفاقی وزیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر بڑے اجتماعات کو کم کیا جائے ، انہوں نے مذہبی اور دینی قیادت سے گذارش کی کہ تبلیغی ، اجتماعات ، روحانی اجتماعات ، محافل نعت ، دینی مدارس کی دستار بندیاں ان سب محافل کو ایک خاص وقت کے لئے موقوف کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ جمعہ کے اجتماعات میں انتہائی اختصار سے کام لیا جائے ، چھوٹی عمر کے بچوں اور بڑی عمر کے افراد کو کہا جائے کہ وہ جمعہ اور بڑے اجتماعات میں شامل ہونے سے احتراز کریں ، خطبہ جمعہ اور نماز کو بہت مختصر رکھا جائے ، سنتیں گھر میں پڑھی جائیں طہارت اور وضو بھی گھر میں ہو، یہ خدا اور پیغمبر کے حکم کی تعمیل ہو گی۔ دریں اثنا ممبر صوبائی اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب الحاج شفقت حسنین بھٹہ کی قیادت میں علمائکرام کے وفد سے ملاقات میں پیر سید نورالحق قادری نے کہا کہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں،بہت جلد موذی مرض کو ایک ہو کر شکست دینگے ، کرونا وائرس سے نپٹنے کے لئے حکومتی سطح پر وسیع تر اقدامات ہو رہے ہیں ، ایران، عراق میں پھنسے زائرین کو پاکستان لانے کے لئے عملی طور پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔