لاہور ،ملتان (سٹاف رپورٹر ،خبر نگار ) جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام پنجاب میں اہم کردار ادا کرے گی ،مستقبل میں پنجاب کا سیاسی منظر نامہ ہمارے بغیر نامکمل ہوگا19 مارچ کی تحفظ آئین پاکستان کانفرنس کی تیاری کے لئے گلی گلی کوچے کوچے تک پہنچیں ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جے یوآئی کے ضلعی امیر مولانا نعیم الدین، مفتی عبد الحفیظ، بلال احمد میر، حافظ غضنفرعزیز، حافظ ریاض درانی،قاری امجد سعید،طارق شاہ، بلال خان درانی،حافظ عبدالرحمن ودیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام نے حکمرانوں کو ان کی اوقات یاد دلادی، کل تک آرٹیکل 6کی بات کرنے والے آج خوفزدہ ہوکر بھیگی بلی بن گئے ، ہم نے حکمرانوں کاایجنڈا ناکام بنادیا ہے ،معاشی بدحالی نے عوام کا کچومر نکال دیا ہے ، مقتدرطبقے ہوش کے ناخن لیں اور ملکی سلامتی کی فکر کریں۔علاوہ ازیں انہوں نے جے یوآئی کے دیرینہ کارکن حافظ شاہ عالم کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا جبکہ فضل الرحمٰن تین روزہ دورے پر ملتان پہنچ گئے ہیں، وہ کل سہ پہر 3 بجے جامعہ قاسم العلوم گلگشت کے سالانہ جلسہ جبکہ بعد نماز عشاء جامعہ خیر المدارس کے سالانہ جلسہ سے خصوصی خطاب کریں گے ، جمعہ کو قلعہ کہنہ قاسم باغ سٹیڈیم میں ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔