اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،نیوز ایجنسیاں) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے جمہوریت پسند ہیں اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کام کرینگے ۔ شہید قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو ،محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اور پارٹی کے ہزاروں کارکنوں نے جمہوریت کی خاطر جانوں کا نذرانہ دے کر ہمیں یہ اصول سکھایا کہ جمہوریت کا دفاع اور اس کی حفاظت کریں، جمہوریت کے لئے مشکلات برداشت کریں ۔پارلیمنٹ ہاؤس میں یادگار شہدا پر پھول چڑھانے کے بعد میڈیا اور زرداری ہاؤس اسلام آباد میں مقامی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کے کارکن شاندار تاریخ کے وارث ہیں اور مجھے پارٹی کارکنوں پر فخر ہے ، ایسے بہادر اور جا نثار کارکن کسی اور پارٹی میں نہیں ہیں ، شہید بھٹو کچلے ہوئے اور محروم طبقے سے عشق کرتے تھے ، شہید بے نظیر بھٹو نے ہمیشہ کوشش کی کہ ان کی مشکلات ختم ہوں ، میری جدوجہد کا مقصد جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے ۔غریب سر اٹھاکر چلے ، غربت، محرومی، اور ہر طرح کا جبر ختم ہو ۔ پارلیمنٹ میں پہلا دن بہت اچھا لگا ، بی بی بہت یاد آئیں، حکومت پر نظربھی رکھیں گے ۔