کراچی (کلچرل رپورٹر) فلم انڈسٹری کے نامور ہدایتکار جان محمد کے فرزند معروف ہدایتکار جمشید جان محمد نے پاکستان کی پہلی تھری ڈی فلم ’’ شومین‘‘ بنانے کا اعلان کر دیا ہے ۔ فلم کے پروڈیوسر ظہیر انصاری اور جمشید جان محمد ہیں۔ جے جے پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلم کے اسکرپٹ پر کام جاری ہے جبکہ فلم کی کاسٹنگ کا عمل عید الاضحی کے بعد سے شروع کرکے جلد فلم شوٹ پر جانے کا امکان ہے ۔ نمائندہ 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید جان محمد کا کہنا تھا کہ اپنے والد جان محمد کے نقشہ قدم پر چلتے ہوئے فلمیں بنارہاہوں۔ پاکستان کی تاریخ کی پہلی تھری ڈی فلم بنانے کا پختہ ارادہ کرکے کام شروع کر دیا ہے ، امید ہے کہ اپنے مشن میں کامیاب ہوں گا۔ ماضی کی فلمیں اس حساب کی ٹیکنالوجی سے بنائی جاتی تھیں آج دور تبدیل ہوگیا ہے ، اب ہماری فلمیں جدید ٹیکنالوجی پر بنائی جارہی ہیں لیکن جو لوگ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں کررہے وہ ابھی بھی پرانے ہی دور جیسی فلمیں پیش کررہے ہیں جو کسی ڈرامے سے کم نہیں لگتا۔