کراچی (کلچرل رپورٹر) مردان میں جشن آزادی کے حوالے سے ایک منفرد اور شاندار تقریب آل پاکستان بدرمنیر فیڈریشن کی طرف سے منعقد ہوئی۔ جس کے مہمان خصوصی فلم ساز شاہد عثمان تھے ۔ جشن آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب کی صدارت ملاکنڈ درگئی کے ممتاز سماجی کارکن سپین خان نے کی جبکہ تقریب کے اسٹیج سیکرٹری مقبول کمپیئر ممتاز علی خان تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کار شاہد عثمان، محمد جاوید یوسفزئی، سپین خان، حاجی محمد ابراہیم بدر، منظر خان، اسد علی، گل تاج احمد، برکت بدر، یار زمان، پرویز بدر، محمد بلال پرنس اور محمود خان نے کہا کہ پاکستان دُنیا کے نقشے میں ایک عظیم مملکت ہے اور اس کے لئے ہمارے بزرگوں نے بے مثال قربانیاں دیں ۔ جس طرح پاکستان ایک عظیم ملک ہے اسی طرح پاکستان آرمی بھی دُنیا کا نمبرون اور بے مثال ادارہ ہے ۔ مقررین نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو قیمتی نباتات اور قدرتی حسین سے مالا مال کیا ہے ۔ محمد جاوید یوسف زئی نے بدرمنیر فیڈریشن کے سینئر کارکن حاجی محمد ابراہیم بدر کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فیڈریشن کے لئے دن رات انتھک محنت کی ہے اور آج اس تقریب میں ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر ہدایت کار شاہد عثمان نے اپنی نئی آنے والی پشتو فلم ’’یو بل دیدن‘‘ کے بارے بتایا کہ یہ ماضی کی شہرہ آفاق فلم ’’دیدن‘‘ کا ری میک ہے جو 2019ء کے آخر میں ریلیز کی جائے گی۔