اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، نیوزایجنسیاں ) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ جن لوگوں نے ملک کو لوٹاہے ، اب حکومت ان سے تعاون مانگے یہ ہوہی نہیں سکتا ،ان لوگوں سے کیسے تعاون مانگا جاسکتاہے جو نیب کو سب سے زیادہ مطلوب ہیں۔ایک انٹرویو میں فردوس عاشق اعوان نے کہا سپیکر قومی اسمبلی نے کہاں اس بات کا ذکر کیاہے کہ یہ جو نیب کو سب سے زیادہ مطلوب ملزمان ہیں ، حکومت ان سے تعاون مانگے گی۔یہ ہو ہی نہیں سکتا ،ان کو کیسے یہ کہا جا سکتا ہے کہ تم نے درد دیا اور تم ہی دوا بھی دو۔یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے قوم لوٹاہے اور اب ان سے معیشت کیلئے کیسے تعاون مانگا جاسکتاہے ؟ امیرقطر کے دورہ پاکستان سے متعلق انہوں نے اپنی ٹویٹ اور میڈیا سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان نے کہا امیر قطر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے مابین بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو مختلف شعبوں میں مزید مضبوط کرے گا۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان سرمایہ کاری اور سیاحت میں دنیا کیلئے ایک پرکشش منزل بن کر ابھر رہا ہے ۔ ماضی میں قطر کیساتھ تعلقات میں قومی مفاد کے بجائے خاندانی مفادات کو ترجیح دی گئی۔ دونوں ملکوں کے درمیان اب قریبی اور خوشگوار تعلقات مضبوط اور متحرک معاشی تعاون میں تبدیل ہوں گے ۔ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں معاہدے دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دیں گے ۔ دوحہ میں آئی ٹی شعبہ بھارت سے چھین لیں گے ۔