لاہور(جنرل رپورٹر) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز لاہور جنرل ہسپتال میں سالانہ کانفرنس کے انعقاد میں فالج کے مرض پر جدید طریقہ علاج ،تجربات اور ٹیکنالوجی سے مستفید ہونے کے بارے میں اظہار خیال کیا گیا جہاں فالج سینٹر ایل جی ایچ کے سربراہ ڈاکٹر عمیر رشید چوہدری ، امریکہ سے آئے ہوئے پروفیسر آ ف نیورو سرجری ڈاکٹر عدنان صدیقی ،عنصر طارق، احمد سوبری(ملائشیائ)، حسنین حیدر شاہ (دبئی)پروفیسر اُسامہ یاسین(مصر)یو ایس اے سے ریڈیالوجسٹ انصار رائے اور ڈاکٹر تنویر احمد سمیت ملک بھر سے سینئر ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ڈاکٹروں نے جنرل ہسپتال میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا مادرِ وطن ہے جہاں آ کر دکھی انسانیت کیلئے بالخصوص فالج کے مرض کے حوالے سے دی جانے والی خدمات ہمارے لئے قابل فخر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نسوں کے ذریعے دوائی چھوڑ کر فالج کے اٹیک کو روکا جا سکتا ہے اب یہ مرض لا علاج نہیں اس کے ایک سے زیادہ علاج موجود ہیں جن پر نوجوان ڈاکٹرز کو آگے آنا چاہیے اور اس مرض سے بچاؤ کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے ذاتی اخراجات پر پاکستان میں ڈاکٹرز کی تربیت اور اُن کی سرپرستی کیلئے مزید اقدامات کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ ڈاکٹرز اس شعبے میں متحرک ہو کر فالج جیسے پریشان کن مرض سے چھٹکارا دلا سکیں ۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن رانا محمد شفیق، ڈاکٹر محمد فاروق، ڈاکٹر عمران، ڈاکٹر فاطمہ سمیت دیگر نیورو ریڈیالوجسٹ بھی موجود تھے ۔