لاہور(جنرل رپورٹر) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر سردار محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال یورالوجی وارڈ کا نام سابق پرنسپل پروفیسر سجاد حسین کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کر دیاتاکہ ان کی ادارے کے لئے خدمات کا اعتراف کیا جاسکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف یورالوجسٹ اور سابق پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر سجاد حسین کے لئے منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پروفیسر الفرید ظفر اور پرنسپل پی جی ایم آئی اور پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ زمانہ ان لوگوں کو کبھی فراموش نہیں کرتا جو درد دل کے واسطے پیدا کئے گئے ہوں اور لازوال انسانی خدمات سرانجام دینے والے ایسے فرشتہ نما انسان اس دنیا سے رخصت ہوجانے کے باوجود لوگوں کے دلوں میں زندہ رہتے ہیں اور ان کی دعاؤں کا عنوان بنتے ہیں۔ پروفیسر سجاد حسین سچائی اور شرافت کا پیکر ہونے اور بھرپور پیشہ ورانہ مہارت کے مالک ہونے کے ساتھ ساتھ مرنجاں و مرنجن شخصیت کے مالک بھی تھے اور دکھی انسانیت کی خدمت کا عظیم مشن ہمیشہ ان کے پیش نظر رہا۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر سجاد حسین انتہائی اعلی شاعرانہ ذوق کے مالک تھے جنھیں اپنی گفتار اور تحریر پر بھر پور ملکہ حاصل تھا۔