لاہور ( سٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے پاکستان شعبہ خواتین کی صدر سیدہ فائزہ نقوی نے کہا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ بہادر، زیرک اور پروفیشنل سپہ سالار ہیں ۔ان کی ملازمت میں توسیع وقت کی ضرورت اور استحکام پاکستان کے لئے ناگزیر ہے ۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے ، مدارس دینیہ کو قومی تعلیمی دھارے میں لانے اور مختلف مکاتب فکر سنی ،شیعہ، دیوبندی اور اہلحدیث کے علما سے دہشت گردی کے خلاف پیغام پاکستان کے نام سے مشترکہ فتویٰ حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس سے وہ فتویٰ ساز فیکٹریاں بند کرنے میں مدد ملی جو شرپسند ملاں مخالف فرقے کے خلاف استعمال کرتے تھے ۔آرمی چیف نے فاٹا کو خیبرپختونخوا میں شامل کرانے اور ان علاقوں سے دہشت گردی کے خاتمے میں بھی اپنی خدمات پیش کیں۔جس کی وجہ سے دہائیوں سے جاری مسائل ختم ہوئے ۔ اب یہ علاقے قومی دھارے میں شامل ہوچکے اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے ۔وزیر اعظم عمران خان کا فیصلہ دانشمندی پر مبنی اور ملک دشمنوں کے لئے سخت پیغام ہے ۔