اسلام آباد (سپیشل رپورٹر؍اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے علاقائی سلامتی کی صورتحال کے پیش نظر چیف آف آ رمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مزید 3 سال کیلئے آرمی چیف مقرر کردیا،انہوں نے نومبر میں ریٹائر ہونا تھا تاہم وزیر اعظم عمران خان نے دو ماہ قبل ان کی مزید 3 سال کیلئے تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ پیر کو وزیراعظم آفس کی طرف سے وزیراعظم کے دستخط کی حامل جاری کردہ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو ان کی موجودہ مدت کی تکمیل کی تاریخ سے مزید 3 سال کی مدت کیلئے چیف آف آرمی سٹاف مقرر کیا جاتا ہے ۔ یہ فیصلہ علاقائی سلامتی ماحول کے پیش نظر کیا گیا ۔ یاد رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے 29 نومبر 2016ئکو 16 ویں چیف آف آرمی سٹاف کی حیثیت سے کمان سنبھالی تھی۔ آئی ایس پی آر کی ویب سائٹ پر دستیاب تفصیلات کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نشان امتیاز (عسکری) نے 24 اکتوبر 1980ئکو 16 بلوچ رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ کینیڈین فورسز کمانڈ اینڈ سٹاف کالج (ٹورنٹو) کینیڈا، نیول پوسٹ گریجویٹ یونیورسٹی مونٹیسوری (کیلیفورنیا) امریکہ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں۔ وہ سکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس کوئٹہ، کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ اور این ڈی یو میں انسٹرکٹر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ انفنٹری بریگیڈ کے بریگیڈ میجر اور راولپنڈی کور کے چیف آف سٹاف بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 16 بلوچ رجمنٹ، انفنٹری بریگیڈ اور ناردرن ایریا کمانڈر ایف سی این اے میں انفنٹری ڈویژن کی بھی کمان سنبھالی۔ انہوں نے کانگو میں پاکستانی دستے کی کمان بھی کی۔ وہ راولپنڈی کور کے کمانڈر بھی رہ چکے ہیں۔