لاہور(پ ر) تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے ملک میں معصوم بچوں کے ساتھ جنسی درندگی کے نتیجے میں بہیمانہ قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنسی درندگی کے واقعات میں ملوث افراد کسی نرمی کے مستحق نہیں۔ قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق ایسے افراد کو سرعام سزائے موت دی جانی چاہیے ۔ امیر تنظیم نے کہا کہ ہم حکومت سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ جنسی درندگی میں ملوث افراد کو سرعام قرارواقعی سزا دیے جانے کے حوالے سے قانون سازی کی جائے ۔ کیونکہ یہ شریعت محمدی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا عین تقاضا ہے ۔ امیر تنظیم اِسلامی نے جرمنی میں ایک انتہا پسند شخص کی فائرنگ سے 9مسلمانوں کی شہادت اور برطانیہ کی ریجنٹ پارک مسجد میں مؤذن کو زخمی کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ مغرب کی اسلام دشمنی کس حد تک بڑھ چکی ہے اور مغربی سوسائٹی اسلاموفوبیا میں بُری طرح مبتلا ہو چکی ہے ۔ مغرب کو اپنی سوچ کا دہرا معیار ترک کر کے مذکورہ واقعات کو کھلی دہشت گردی قرار دینا ہو گا ۔