لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال میں ملازمین کے لئے رہائشی گھروں،فلیٹس،کوآرٹرر کے مسائل کا جائزہ و حل کیلئے 6رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ۔نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے سربراہ پروفیسر آف آپتھالمولوجی ڈاکٹر محمد معین ہوں گے جبکہ پروفیسر آف فزیالوجی ڈاکٹر منیزہ سعید،پروفیسر آف آرتھوپیڈک ڈاکٹر محمد حنیف،پروفیسر آف پلمانولوجی ڈاکٹر خالد وحید،ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد عرفان ملک اور ڈاکٹر سید جعفر حسین شاہ کمیٹی کے ممبر ہوں گے جو تمام معاملات کا جائزہ لے کر رپورٹ پرنسپل کو پیش کریں گے ۔اس حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ملازمین ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ادارے کی فلاح و بہبود کے لئے مزید اقدامات کریں گے جس سے ملازمین کا وقار بلند ہوگا ،انہوں نے کہا کہ رہائش کی فراہمی سرکاری ملازم کا حق ہے اور ہسپتالوں میں کام کرنے والا عملہ اس لیے اس کا زیادہ مستحق ہے کیونکہ انہیں24گھنٹے کسی بھی وقت مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے ڈیوٹی پر آنا پڑ سکتا ہے ۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے توقع ظاہر کی کہ یہ6رکنی کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد معین کی سربراہی میں تن دہی اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دے گی اور کم سے کم وقت میں مسائل کے حل کیلئے اپنی سفارشات پیش کریں گے ۔