فیصل آباد،جڑانوالہ،بچیانہ(خصوصی رپورٹر،تحصیل رپورٹر،نمائندہ 92نیوز) جڑانوالہ میں کیس کی سماعت کے دوران وکیل نے کرسی مار کر جج کو زخمی کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق جڑانولہ میں کیس کی سماعت کے دوران بحث جاری تھی کہ معمولی تلخ کلامی پر کمرہ عدالت میں ہی وکیل نے کرسی مار کر جج کا سر پھاڑ دیا۔احاطہ عدالت میں وکلا گردی کے خلاف ججز نے ہڑتال کرتے ہوئے تمام مقدمات کی سماعت ملتوی کر دی۔جج سے بدتمیزی کرنے والے وکیل کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے چھاپے مارے جا رہے ہیں جب کہ ایڈووکیٹ عمران منج کے خلاف کارروائی کے لیے سینئر سول جج نے میڈیکو لیگل بھی حاصل کر لیا ہے ۔ ججز کا مطالبہ ہے کہ وکلا گردی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ملوث وکیل کو گرفتار کیا جائے ۔ سٹی جڑا نوالہ پولیس نے سنیئر سول جج پر حملہ کر نے والے وکیل کے خلاف دہشت گردی ، اقدام قتل ، کار سر کار میں مداخلت ، عدا لت میں توڑ پھوڑ کئے جا نے اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ دو سری طرف جڑا نوالہ بار کی طرف سے اعلامیہ جا ری کیا گیا ہے کہ وکیل عمران منج کا جڑا نوالہ بار سے کسی قسم کا تعلق نہیں جبکہ اسکا آ ئندہ سے جڑا نوالہ کی تمام عدا لتوں میں داخلہ بند کیا جا تا ہے اور اس وکیل کے خلاف مزید کارروائی کیلئے سفارشات پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کو بھجوا دی گئی ہیں۔ اس سے قبل رواں سال 20 فروری کو لاہور کی مقامی عدالت میں فیصلہ واپس نہ لینے پر ایک وکیل نے جج پر ہاتھ اٹھایا اور بدتمیزی کی تھی۔