پاکستان نے ورلڈ کپ کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ کو 49 رنز سے شکست دے کر اپنی( ٹاپ فور) سیمی فائنل تک رسائی کی امید برقرار رکھی ہے۔ ورلڈ کپ میں بھارت سے شکست کے بعد جنوبی افریقہ سے فتح شائقین کرکٹ کے لئے کسی خوشگوار ہوا کے جھونکے سے کم نہیں۔ بدقسمتی سے پاکستان کی ٹیم اپنی بہترین صلاحیتوں کے باوجود صرف نظم و ضبط کے فقدان اور غیر ذمہ دارانہ کھیل کے باعث اپنے شائقین کو مسلسل مایوس کرتی آ رہی ہے۔ بھارت کے خلاف میچ میں بیٹنگ آرڈر کے ہاتھ پائوں شل ہو گئے تو ٹیم کے کپتان کو میچ کے دوران جمائیاں لینے پر دنیا بھر کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض ناقدین کی طرف سے تو جنوبی افریقہ سے جیت کی وجہ بھی اسی تنقید کو ہی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاکستان کی شاندار بیٹنگ اور بائولنگ ہی کے باعث ہی یہ جیت نصیب ہوئی مگر گزشہ روز جس طرح فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا اورجنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں 7 کیچ ڈراپ کئے گئے اس سے ٹیم کی فیلڈنگ کی کمزوری کھل کر سامنے آ ئی ہے۔ پاکستان کو سیمی فائنل تک پہنچنے کے لئے اگلے تمام میچ جیتنا ضروری ہیں جو ناقص فیلڈنگ کے باعث مشکل محسوس ہوتا ہے۔ بہتر ہو گا ٹیم مینجمنٹ اور کپتان فیلڈنگ پر بھرپور توجہ دینے کے ساتھ اگلے میچز میں بھرپور پلاننگ کے ساتھ منظم انداز میں میدان میں اتریں تاکہ ٹیم بہترین کارکردگی دکھا کر مایوس شائقین کا اعتماد بحال اور کرکٹ میں کھویا مقام حاصل کر سکے۔