لاہور(خصوصی نمائندہ ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے 14سو وارڈنز کی خالی اسامیاں مکمل اورٹریفک قوانین کو نصاب میں شامل کرنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس کے دوران لاہور میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور شہریوں کی آمدو رفت میں مشکلات کے ازالے کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور چیف ٹریفک آفیسر نے لاہور میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں،وزیراعلیٰ نے ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی سے 14دنوں میں رپورٹ طلب اور منظور شدہ خالی اسامیوں پر ٹریفک وارڈنز بھرتی کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک وارڈنز کی1400 منظور شدہ خالی اسامیو ں پر بھرتی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ متعلقہ اداروں اور محکموں کو آبادی بڑھنے کے ساتھ ٹریفک مینجمنٹ کے نئے چیلنجز پر پورا اترناہوگا، ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے کام کرکے نتائج دینا ہوں گے ،لاہور پارکنگ کمپنی کے معاملات کا جائزہ خود لوں گا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ آفس میں انرجی سیکٹر سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا،جس میں پنجاب کے سرکاری دفاتر میں بجلی کی بچت کے لئے خصوصی آلات نصب کرنے کا اصولی فیصلہ کیاگیا،سکول، ہسپتال اور دیگر سرکاری عمارتوں کو بھی مرحلہ وار سولر انرجی پر لایا جائے گا،ورلڈ بینک کے گرین پراجیکٹ کے تحت پنجاب میں فیول کی بجائے سولر انرجی کو استعمال کیاجائے گا۔بعدازاں وزیراعلیٰ آفس میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت سمال ڈیمزکی تعمیر سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں رودکوہیوں سے متاثرہ علاقوں میں مرحلہ وار 13 ڈیم بنانے کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور پہلے مرحلے میں ڈیرہ غازی خان میں 7 چھوٹے ڈیمز بنانے کے منصوبے پر غور کیاگیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ رودکوہیوں کے ہر چھوٹے ڈیم بنانے پر اوسطً 4 سے 15 ارب روپے تک لاگت آئے گی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے کیٹل اینڈ بفلو ریکارڈ آف پاکستان کے وفد نے ملاقات کی جس میں مویشیوں میں مختلف بیماریوں کے اسباب، علاج اور بچاؤ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ذیابیطس سے بچاؤ اور علاج معالجے کے حوالے سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہ کہ ذیابیطس کے مرض کو کنٹرول میں رکھنے اوراس سے بچاؤ کیلئے احتیاط سب سے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتی ہے ۔ادھر وزیراعلیٰ نے شمالی وزیرستان میں باردوی سرنگ کے دھماکے کی شدید مذمت اور 3 جوانوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے پسرور کے قریب ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ۔