لاہور(سپورٹس رپورٹر) صوبائی وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے یقین دلایاہے کہ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے دورہ پنجاب کے دوران فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ وزیرقانون پنجاب کی زیرصدارت اہم اجلاس میں سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی لااینڈآرڈر کا اجلاس ہوا اس دوران دورہ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں کھلاڑیوں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات پر غور ہوا، کابینہ کمیٹی نے مختلف امور پر اتفاق کیا۔راجہ پشارت کا کہنا ہے کہ ٹیم کو صوبے میں ہرجگہ فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے ۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کو کراچی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 4 فروری سے شروع ہوگا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں شیڈول ہیں جوگیارہ، تیرہ اور چودہ جنوری کو کھیلے جائیں گے ۔