لاہور (شوبزڈیسک)عالمی شہرت یافتہ صوفی بینڈ ’جنون ‘ نے 15برس بعد متحد ہوکر عالمی کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے لئے نیا گانا بنانے کے کا اعلان کیا ہے ۔90کی دہائی میں پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے والے جنون بینڈ کی جانب سے یوٹیوب پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں 30 مئی سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے گانا ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا۔تین پرانے دوست علی عظمت، سلمان احمد اور برائین او کونل پھر سے ملیں گے اور جنون بینڈ ایک بار پھر سٹیج پر جلوہ افروز ہوگا۔جنون بینڈ کے اہم رکن اور گٹارسٹ سلمان احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ یوٹیوب پر جاری کردہ ویڈیوپیغام میں کہا کہ ’’پاکستان کو متحد کرنے کے لئے ہم اکٹھے ہوئے ہیں، ہمارا نیا گانا رواں سال ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی بھرپور حمایت اور مورال بلند کرنے کے لیے بنایا جارہا ہے ۔ علی عظمت نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ گیت تمام پاکستانیوں کے لیے بنایا جا رہا ہے ۔یاد رہے کہ 22 سال قبل 1996کے کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے جنون بینڈ کا گانا ’ جذبہ جنون‘ پیش کیا گیا تھا جس کا شمار 90کی دہائی کے مقبول ترین ملی نغموں میں ہوتا ہے جو آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے ۔