جوہانسبرگ(آن لائن)جنوبی افریقہ کے شمال مشرقی علاقے میں ایک زلزلے میں چٹان گرنے کے بعد زیر زمین محصور ہوجانیوالے چار سونے کے کان کن مردہ حالت میں ملے ہیں ۔ نیشنل یونین آف مائنز ورکرز(این یو ایم )نے کہا ہے کہ اورکھنی قصبے کی تائو لیکائو کان میں پیش آنیوالے حادثے کے بعد پانچویں کان کن کو شدید زخمی حالت میں زندہ بچا لیا گیا ہے ۔ ’’چار کان کن مردہ حالت میں ملے ہیں ‘‘ یہ بات ریسکیو ٹیم کا ہفتے کی علی الصبح زمین کی گہرائی میں چار افراد سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد یونین کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتائی گئی ہے ۔ این یو ایم کے صدر جوزف مونٹی سیٹسے نے کہا ہے کہ جس آخری کان کن سے ہماری بات ہوئی اس نے کہا تھا کہ ہمارا دم گھٹ رہا ہے برائے مہربانی کچھ آکسیجن لا دیں ۔ جنوبی افریقہ میں کان کنوں کو پیش آنیوالے حادثات عام ہیں جہاں دنیا کی گہری ترین کانیں پائی جاتی ہیں۔ ذرائع معدنیات کے مطابق گزشتہ برس ملک کی کانوں میں 81افراد ہلاک ہوئے تھے ۔