واشنگٹن،کابل(92نیوز رپورٹ،این این آئی) امریکہ نے طالبان کو خبردار کیا ہے کہ دنیا افغانستان میں طاقت کے ذریعے مسلط کردہ حکومت کو قبول نہیں کریگی۔دریں اثنا افغان صدر اشرف غنی امریکہ پہنچ گئے ہیں، ان کے ہمراہ عبداللہ عبداللہ بھی ہیں ۔ا دھر طالبان نے مزید 6 اضلاع پر قبضہ کر لیا جبکہ صوبہ تاخر میں جھڑپوں میں 34 اہلکاروں کو ہلاک کرنیکا دعویٰ کیا ہے ۔ طالبان نے ضلع امام صاحب کی شیر خان بندر پورٹ کا کنڑول بھی حاصل کر لیا۔ قندوز میں جاری لڑائی کے دوران 28 افراد ہلاک اور 290 شہری زخمی ہوگئے ۔دوسری جانب ہرات میں 130 طالبان نے قبائلی عمائدین کی مدد سے ہتھیار ڈال دیئے ہیں ۔ پولینڈ نے افغانستان سے رواں ماہ تمام فوجی نکالنے کا اعلان کردیا۔ قطر کے ایک سفارت کار نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی عہدیداروں نے دوحہ میں طالبان کے ساتھ بات چیت کی ہے ۔