اسلام آباد، پشاور،اورکزئی ( مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کپتان کا مقصد ٹیم کو جتانا ہوتا ہے اور بطور وزیراعظم ان کا مقصد اپنی قوم کو جتانا ہے اسلئے جو وزیر ملک کیلئے فائدہ مند نہیں ہوگا اسے تبدیل کردوں گا۔ میں نے ٹیم کا بیٹنگ آرڈر تبدیل کیا ہے ، آگے بھی کرونگا، اس وزیر کو لائوں گا جو ملک کیلئے فائدہ مند ہوگا۔اورکزئی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا جب یہاں جنگ شروع ہوئی تو میں نے کہا امریکہ کے کہنے پر فوج کویہاں نہ بھیجا جائے کیونکہ قبائلی علاقے کے عوام ہی ہماری فوج تھی لیکن بد قسمتی سے اس وقت کے حکمران کو ان علاقوں اور یہاں کی روایات، تاریخ کا پتہ نہیں تھا۔ اس میں فوج کا کوئی قصورنہیں بلکہ اس حکمران کا تھا جس نے امریکہ کے کہنے پر فوج کو یہاں بھیجا، اس میں ہمارے جوان بھی شہید ہوئے اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جنگ کے دوران جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، گھر و کاروبار تباہ ہوئے اس پر ہم آپ کی مدد کریں گے اور یہاں کے عوام کی قربانیوں کو نہیں بھولیں گے ۔ قبائلی علاقہ خیبرپختونخوا میں ضم ہوگیا ، اب کوشش ہوگی اسے اوپر لائیں، تعلیمی نظام بہتر کریں اور اس علاقے کو سرمایہ کاری کیلئے کھولیں۔ ہم نوجوانوں کو بلاسود قرض دیں گے تاکہ وہ اپنا بزنس کرسکیں، ہم انہیں ہنر بھی سکھائیں گے ۔ کسی حکومت نے مدرسے کے بچوں کی کبھی فکر نہیں کی کہ انہیں آگے بڑھنے کا موقع دیا جائے ، تاہم میں نے فیصلہ کیا ہے کہ مدرسے کے بچے میرے بچے ہیں اور ہم تمام مدرسوں کی ایسوسی ایشن کیساتھ ملکر ان پر توجہ دیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا پی ٹی ایم قبائلی علاقوں کی تکلیف کی بات کرتی ہے جو درست ہے ، وہ جو بات کرتے ہیں وہی بات میں 15 سال سے کررہا تھا، پی ٹی ایم والے ٹھیک بات کرتے ہیں لیکن وہ جس طرح کا لہجہ اختیار کررہے ہیں وہ ہمارے ملک کیلئے ٹھیک نہیں، جو لوگ تکلیف سے گزرے ہیں ان سے اپنی فوج کیخلاف نعرے لگوانے سے قبائلی علاقے اور پاکستان کو کیا فائدہ ہوگا؟ پی ٹی ایم والے لوگوں کے دکھ درد پر نمک نہ چھڑکیں،لوگوں کو تکلیف ہوئی ہے ، ان کی مرہم پٹی کریں، ان سے جو ظلم ہوا ہے ان کی مدد کریں۔ ہمیں آج یہ سوچنا ہے کہ آگے کیسے بڑھنا ہے اور حالات کیسے بہتر کرنا ہیں۔ وزیراعظم نے اورکزئی میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے کہتا ہوں وہ بھی اپنی ٹیم پر نظر رکھیں، اچھا کپتان مسلسل اپنی ٹیم کی طرف دیکھ رہا ہوتا ہے کیونکہ اچھے کپتان نے میچ جیتنا ہوتاہے ، کئی مرتبہ اسے جیتنے کیلئے بیٹنگ آرڈر بدلنا پڑتا ہے ، ٹیم میں نئے کھلاڑی لانا پڑتے ہیں۔کپتان کا مقصدٹیم کو جتانا ہوتا ہے اور بطور وزیراعظم میرا مقصد اپنی قوم کو جتانا ہے ، میں اﷲ کو جوابدہ ہوں، ابھی بھی اپنی ٹیم میں بیٹنگ آرڈر تبدیل کیا ہے اور آگے بھی کروں گا، سارے وزیروں کو کہتا ہوں جو میرے ملک کیلئے فائدہ مند نہیں ہوگا اسے تبدیل کرکے اسے لاؤں گا جو ملک کیلئے فائدہ مند ہوگا۔ ان کا کہنا تھا زر داری اور شریف خاندان کی منی لانڈرنگ سے ملک کو نقصان پہنچا ، تین مرتبہ وزیر اعظم رہنے والے شخص کے بیٹے کہتے ہیں وہ پاکستان کے شہری نہیں اور یہاں جوابدہ نہیں، شہباز شریف کی کرپشن بھی سامنے آگئی ،یہ ٹی ٹی سپیشلسٹ بن گئے ،تینوں خاندان امیر اور ملک مقروض ہوگیا، زرداری اور اس کا بیٹا کہتے ہیں حکومت ہٹا دیں گے ، فضل الرحمان بھی حکومت ہٹانے کا کہتے ہیں، ہمیں 8 ماہ ہوئے ہیں، ایسا کیا جرم کیا جو حکومت گرادیں گے ؟اپوزیشن والوں کو ڈر ہے عمران خان دو سال بھی رہ گیا توسب جیلوں میں چلے جائیں گے ، اسلئے جمہوریت خطرے میں آگئی ہے ،جمہوریت مضبوط ہورہی ہے اور ان کا چوری کیا ہوا پیسہ خطرے میں آگیا ہے ۔ہر روز میرے سامنے ان کی کرپشن کی نئی داستانیں آرہی ہیں۔انہوں نے کہا اﷲ سے دعاکرتاہوں افغانستان میں امن ہو،وہاں امن ہوگا تو ہماری تجارت بڑھے گی،افغان حکومت کو کوئی تجویزنہیں دونگاکیونکہ وہ کہتے ہیں مداخلت ہوجاتی ہے ۔ وزیراعظم نے جبہ ڈیم ‘ باڑہ ڈیم ‘ شلمان واٹر سپلائی سکیم اور باڑہ بائی پاس منصوبوں کے اجراکا بھی اعلان کیا ۔ انہوں نے کہاخیبر سے افغانستان تک اکنامک کوریڈور بنایا جائے گا تاکہ یہاں عوام کو روزگار اور تجارت کے مواقع مل سکیں ۔ قبل ازیں وزیراعظم مختصر دورہ پر پشاور پہنچے جہا ں گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے انکا استقبال کیا ۔ وزیراعظم شوکت خانم کینسر ہسپتال گئے جہاں انہوں نے ریڈی ایشن آنکالوجی شعبہ کا افتتاح کیا ۔ وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آج شوکت خانم ہسپتال پشاورمیں کلینیکل اینڈ ریڈی ایشن آنکالوجی کے نئے شعبے کا افتتاح کیا۔یہ شعبہ فور ڈی سی ٹی سیمولیٹراورجدید ہائی انرجی ویریان لینیئر سیلیریٹرزسے لیس ہے ۔ یہ شوکت خانم ریسرچ سنٹرکے دوسرے مرحلے کی تکمیل ہے ۔ 2020میں سنٹرمیں آپریشن بھی شروع ہو جائیں گے ۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان کل کوئٹہ کا دورہ کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم دورہ کوئٹہ کے موقع پر نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کا افتتاح کریں گے ۔