اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نومنتخب امریکی صدر پاکستان کیلئے اجنبی نہیں، جوبائیڈن پاکستان کے پرانے دوست ہیں اورجنوبی ایشیائی خطے اور پاکستان کے حوالے سے واضح رائے رکھتے ہیں، پاکستان امریکہ کی نئی انتظامیہ کے ساتھ انگیج کرنے کا خواہاں ہے ۔ سی پیک کے تحت قائم خصوصی اقتصادی زونز میں امریکی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کریں گے ۔ گزشتہ روزوزیرخارجہ نے کراچی کونسل فار فارن ریلیشنز کے زیر اہتمام ’’پاک امریکہ تعلقات اورنئے امریکی صدرکیساتھ پاکستان کی ترجیحات ‘‘کے موضوع پر منعقدہ ویبینار سے خطاب اوراپنے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ قریبی،طول المدتی اور کثیر الجہتی تعلقات کو فروغ دینے اور شراکت داری کیلئے تیار ہے جو باہمی عزت و احترام اور تعاون پر مبنی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جوبائیڈن نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان کیساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر دہشتگردوں کیخلاف کارروائی جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی علاقائی تنازعات کا حصہ نہیں بنے گا ،ہم صرف امن کے شراکت دار بنیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے حوالے سے امریکہ کی جانب سے دو جہتی رائے ضرور موجود رہی ہے مگر خوش آئند بات یہ ہے کہ اس نئی امریکی انتظامیہ کا انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے واضح موقف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ نئی امریکی انتظامیہ 80 لاکھ نہتے مظلوم کشمیریوں کو بھارتی استبداد اور بلا جواز محاصرے سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہو گی ۔دریں اثنا وزیر خارجہ سے عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزابی نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ کیا گیا۔ وزیرخارجہ سے کوسوو کے سفیر ایلیرڈیگولی نے بھی ملاقات کی ۔