واشنگٹن(92 نیوزرپورٹ، نیٹ نیوز،صباح نیوز،این این آئی) امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری پر مسلح احتجاج کا خدشہ ہے ، جس کے باعث امریکہ بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، واشنگٹن ڈی سی فوجی چھاؤنی بن گیا ،شہر میں لاک ڈا ئون جیسی صورتحال ہے ۔ تقریب حلف برداری سے قبل تمام 50 ریاستوں کے علاوہ وفاقی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ممکنہ مسلح مظاہروں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ نیشنل گارڈ کے مزید فوجی دستوں کوواشنگٹن بھیجا گیا ہے ، دارالحکومت میں اب تک اکیس ہزار نیشنل گارڈز تعینات کئے جا چکے ہیں اور انہیں چوکنا رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ امریکی کانگریس کی عمارت کو عوام کیلئے بند کردیا گیا ہے ،شہر میں سڑکوں پر ہو کا عالم ہے ، کورونا کے باعث جوبائیڈن کی حلف برداری تقریب میں محدود لوگ شریک ہوں گے ۔امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے متنبہ کیا ہے کہ تمام ریاستوں میں صدر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے مسلح احتجاجی مظاہرے ہوسکتے ہیں۔کیپیٹل ہِل سے کئی میل دور بھی سڑکیں بند کر دی گئی ہیں اور وہاں کنکریٹ اور دھات کی رکاوٹیں نصب ہیں۔ادھرنومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کے پہلے دس دن کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے ، متعدد ایگزیکٹو آرڈز جاری کئے جانے کا امکان ہے ۔جوبائیڈن کے چیف آف سٹاف ران کلین کی جانب سے جاری میمو کے مطابق جوبائیڈن صدارتی تقریب کے پہلے روز ٹرمپ کی جانب سے مسلم ممالک پر عائد سفری پابندی ختم کردینگے ،نو منتخب صدر پہلے 10 دنوں میں کورونا، معیشت، آب و ہوا اور نسلی مساوات پر فوکس کرینگے ۔ میمو کے مطابق دنیا میں امریکہ کے مقام کی بحالی کے لئے فیصلہ کن اقدام کئے جائیں گے ۔دوسری طرف واشنگٹن میں کیپیٹل ہل کے قریب چیک پوسٹ سے مسلح شخص کو گرفتار کرلیاگیا جس سے نو منتخب صدر جوبائیڈن کی حلف برداری میں شرکت کا جعلی دعوت نامہ ، پستول ،500رائونداور میگزین برآمد ہوئے ہیں تا ہم اسے بعد میں رہا کردیا گیا ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مسلح شخص حلف برداری کے جعلی اجازت نامے پر چیک پوسٹ سے گزرنے کی کوشش کررہا تھا۔31 سالہ ویسلی اے بیلر نے اخبار واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ میں ہتھیار لے کر واشنگٹن جانے کا ارادہ نہیں رکھتا تھا، میں وہاں ایک نجی سکیورٹی کمپنی میں کام کرتا ہوں،میں گاؤں میں رہنے والا شخص ہوں اس لئے میں ڈی سی کے راستے میں گم ہو گیا تھا، چیک پوائنٹ پر روکا گیا تو میں نے گاڑی روک لی۔دریں اثناامریکی وزارت دفاع پینٹاگون اپنی مدت مکمل کرنے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے مسلح افواج کی جانب سے الوداعی تقریب کا انعقاد نہیں کرے گا۔ امریکہ کے دو سینئر ذمے داران نے بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے کسی قسم کی عسکری الوداعی تقریب نہیں ہو گی۔