لاہور (سپیشل رپورٹر ) جوہر ٹاون کے علاقہ میں سیکنڈ ائیر کا طالبعلم آئس کے نشہ کے باعث ہلاک ہو گیا، پولیس کے مطابق مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ، ذرائع کا کہنا ہے لاہور میں منشیات فروش پولیس کریک ڈائون کے باوجود بے لگام ہوچکے ہیں، تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی جاری ہے ، پولیس کے مطابق متوفی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ جوہر ٹاؤن ای ٹو کا رہائشی حمزہ دوستوں کی بارکیو پارٹی میں گیا جہاں اسے زبردستی نشہ کرایا گیا، اسکی حالت غیر ہو گئی، حمزہ کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا، پولیس نے حمزہ کے چچا کی درخواست پر اس دوستوں اسامہ، خواجہ ندیم، حمزہ نقوی اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، چچا شاہد محمود کے مطابق حمزہ کو اس کے دوستوں نے زبردستی نشہ کرایا، متاثرہ خاندان کا کہنا ہے تعلیمی اداروں میں منشیات فراہم کرنے والے گروہوں نے نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے ، انہوں نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیاہے ۔پولیس کا کہنا ہے منشیات فروشوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈائون کیا جا رہا ہے ۔