لاہور، صوابی (کر ائم ر پو رٹر، نمائندہ92نیوز )ٹائون شپ کے علاقے میں ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو واسا کو مبینہ طور پر بیوی نے دوسری شادی کرنے پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا جبکہ دیگر واقعات میں دو افراد مارے گئے ۔ صوابی میں دیرینہ دشمنی پر 4 افراد قتل ، راہگیر بھی گولی کانشانہ بن گیا ۔تفصیلات کے مطابق ٹائون شپ کے علاقہ اے ٹو بلاک جوہر ٹائون کے رہائشی ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو واسا شاہدحفیظ کو ان کے گھر میں فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے قتل میں استعمال ہونے والا سائلنسر لگا پستول اور تمام شواہد اکٹھے کر کے بھائی خالد حفیظ کی مدعیت میں مقتول کی بیوی شہلا کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا کہ ڈپٹی ڈائریکٹر کی بیوی نے ہی اسے قتل کیا جس نے خود بھی زخمی ہو نے کا ڈرا مہ رچا یاتھا۔پو لیس کے مطا بق ہسپتا ل میں زیر علا ج بیو ی مبینہ ملزمہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔دوسری طرف فیکٹری ایریا والٹن کے علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے فائرنگ کر کے دکاندار نصیر کو ہلاک کر دیا ۔بادامی باغ کے علاقے میں رقم کے لین دین پر چند روز قبل بڑے بھائی نعیم کے ہاتھوں فائرنگ سے زخمی ہونیوالا عظیم ہسپتال میں دم توڑ گیاجبکہ پولیس ملزم نعیم کو گرفتار نہ کر سکی۔صوابی میں منتظم شاہ،سلیمان شاہ،ارسلان اور صدام اللہ موٹرسائیکل پر جارہے تھے مانیری پایاں میں چاروں کو قتل کر دیا گیا جبکہ راہگیر فہد بھی فائرنگ کی ز دمیں آ کر دم توڑ گیا ۔سلیمان شاہ چارسدہ پولیس کو مطلوب تھا۔پولیس نے دو ملزمان راشد اور عمران کو گرفتار کر لیا ہے ۔