اسلام آباد، کراچی ، لاہور(سپیشل رپورٹر، سٹاف رپورٹرز) پاکستان کو ایٹمی دھماکے کئے ہوئے 23 سال مکمل ہوگئے ، 1998 کو پاکستان نے بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 دھما کے کئے تھے ، 28 مئی کو چاغی میں کامیاب ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بن گیا تھا۔ جمعہ کے روز تاریخی ایٹمی دھماکوں کو 23 سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں یوم تکبیر منایا گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم 23 سال قبل آج کے دن مملکت خداداد کو جوہری طاقت بنانے والوں کوسلام پیش کرتی ہے ۔یوم تکبیر کے موقع پر میجر جنرل بابر افتخارنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان نے 23 سال پہلے خطے میں طاقت کا توازن برابر کیا، پاکستان نے 1998 میں کم ازکم جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا تھا۔دفتر خارجہ نے یوم تکبیر کے موقع پر پاکستان کیخلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف ملکی خودمختاری ، علاقائی سالمیت اور آزادی کے تحفظ کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے ماحول کے فروغ کے لئے کام کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔ آصف زرداری کی بیٹی بختاور نے نانا ذوالفقار علی بھٹو کی 1972 میں ایٹمی پروگرام کے افتتاح کرتے تصویر شیئر کردی، انہوں نے ٹویٹ میں لکھا اچھی بات یہ ہے کہ آج کے نوجوانوں کو حقیقی تاریخ سے محروم نہ کرنے کے لیے تصاویر بطور ثبوت موجود ہیں، بختاور نے لکھا ساری کٹھ پتلی جماعتیں اس بات کا غلط کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہی ہیں جو ان سمیت سب کو پہلے سے ہی معلوم ہے ۔پاکستان ایٹمی طاقت ہے جس کیلئے ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے شکرگزار ہیں۔ مسلم لیگ ن نے پاکستان کے جوہری طاقت بننے کے حوالے سے یوم تکبیر کے حوالے سے تقریبات کا انتظام کیا، لاہور میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ، سعد رفیق نے کہا پالیسی سازوں کو اس پر سوچنا ہو گا کہ کوئی اکیلا ملک کو آگے لے کر نہیں چل سکتا ۔ اب فغانستان پر حملہ کرنے والوں کو شکست ہو رہی ہے تو انہیں کندھا کیوں فراہم کیا جا رہا ہے ؟ 1998 میں کسی نے قرضہ اترنے اور کسی نے عالمی طاقتوں سے جھگڑا مول نہ لینے کے مشورے دئیے ،لیکن نواز شریف نے تاریخ ساز فیصلہ کیا ذوالفقار علی بھٹو، ضیاء الحق، بینظیر بھٹو اور نواز شریف سمیت سب نے ایٹمی پروگرام کو آگے بڑھایا ۔سائنسدان، افواج پاکستان، خفیہ اداروں نے بے انتہا کام کیا اور وہ اس پروگرام کے ہیرو ہیں ۔ووٹ کو عزت دینے ، اپنی اپنی آئینی حدود میں کام کرنے تک آپ ایٹمی قوت کے ثمرات نہیں سمیٹ سکتے ، اگر ہم نے ہیروز کی تذلیل نہ کی ہوتی تو آج بھارت مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ نہیں کر سکتا تھا۔