لاہور(سٹاف رپورٹر)جامعہ نعیمیہ کے ناظم ا علیٰ وممبراسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہاکہ پاکیز ہ کردار،اسلامی معاشرت کے حامل امیدوار کوووٹ دیا جائے ۔عوام ووٹ سوچ سمجھ کوکاسٹ کریں،25جولائی کو ایسے امیداوار کاچناؤ کیا جائے جوحق شناس ،خداترس ،حقیقت پسند ،تعلیم یافتہ،معاملہ فہم ا ورنیک شہرت کے حامل ہوں۔ علاقائی ،برادری ازم،لسانی بنیادوں سے بالاتر ہوکراصلاح معاشرہ کی صلاحیت رکھنے والوں امیدواروں کا ساتھ دیا جائے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعۃ المبارک کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ ووٹ امانت ہے اور اس کا صحیح استعمال اسلامی فریضہ ہے ۔عوام ووٹ کو امانت اور اسلامی ذمہ داری کے طور پر استعمال کریں۔ ووٹ استعمال کرنے کا مقصد ایسے باکردار لوگوں کو منتخب کرنا ہوتا ہے جو ملک کے خیر خواہ ہوں ، ملکی مفاد، ملک کی بقاء اور استحکام کا درد رکھنے والے ہوں اور نفاذِ شریعت ان کی اولین ترجیح ہو۔ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے اپنے ذہین میں اس بات کو رکھنا ہو گا کہ روز محشرغلط لوگوں کاساتھ دینے پرجواب دہ ہوناپڑے گا۔