اسلام آباد(صباح نیوز)بھارت کی معروف فلمی اداکارہ رانی مکھرجی نے کہاکہ مودی نے لاکھوں کشمیریوں کوپنجرے میں قیدکرکے ان کے حقوق سلب کردئیے ہیں ، کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانے کے لیے مسلمان نہیں انسان ہوناکافی ہے ،اگر آج ہم نے کشمیریوں کے لیے آواز بلند نہ کی تو کل ہماری باری آئے گی اورہمارے ساتھ بھی کوئی کھڑا نہیں ہوگا۔مودی کی حکومت میں ہجوم کامسلمانوں کوقتل کرنا،لڑکیوں سے اجتماعی زیادتی کے واقعات ،خوف اور نفرت بڑھ رہی ہے یہ کس قسم کی آزادی ہے ؟ ۔سوشل میڈیاپر بھارتی اداکارہ رانی مکھرجی مقبوضہ کشمیرکی صورت حال اور اپنی حکومت پر برس پڑیں ۔اپنی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ہجوم کی طرف سے لوگوں کوقتل کرنا اور اجتماعی زیادتی مودی کی حکومت میں عام ہوگئی، ہر روز ہجوم کی طر ف سے مسلمانوں کو قتل اور نوجوان لڑکیوں سے اجتماعی زیادتیاں کی جارہی ہیں اس قسم کابھارت ہمیں نہیں چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں پر مظالم ہورہے ہیں اور میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہوں اگر میں آج بھی ان کے ساتھ کھڑی نہیں ہوئی توکل جب مجھ پر ظلم ہوگا تو میری مددکو بھی کوئی نہیں آئے گا۔ رانی مکرجی نے پاکستانیوں کے نام جاری ویڈیو پیغام میں کہاہے کہ میری خواہش ہے کہ میں پاکستان جاؤں اور پاکستان میں اپنے مداحوں سے ملوں۔