لاہور؍ اسلام آباد(کامرس رپورٹر؍خصوصی نیوز رپورٹر)مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان کی ورلڈ بینک ریٹنگ میں بہتری آئی،آئندہ سال جون میں تجارتی خسارہ مزید کم ہو جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور انٹرنیشنل اپیریل فیڈریشن کے زیر اہتمام 35 ویں ورلڈ فیشن کنونشن کے انعقاد کے موقع پر کیا۔مشیر تجارت نے مزید کہا کہ اپیریل کی صنعت کی ایکسپورٹس میں 17 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ،چین کے ساتھ جو ایف ٹی اے کا معاہدہ کیا ہے ، وہ دسمبر سے لاگو ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کنونشن میں مغربی دنیا سے بہت سے سرمایہ کار آئے ہوئے ہیں جو پاکستان کے عالمی برانڈز کی ایکسپورٹس میں اضافے کے خواہشمند ہیں، گارمنٹس کی برآمدات 20 فیصد سے بھی بڑھیں گی۔اس موقع پر پریگمیا کے چیف کوآرڈینیٹر اعجاز کھوکھر نے کہا کہ کنونشن میں نوے فیصد لوگ ایسے ہیں جو پہلی مرتبہ پاکستان آئے ہیں اور وہ پاکستان اور لاہور کو دیکھ کر مطمئن اور خوش ہیں۔علاوہ ازیں ایک انٹرویو میں عبدالرزاق دائود نے کہا پاکستان کی چین کو کی جانے والی برآمدات میں20 گنا تک اضافہ متوقع ہے ۔