ماسکو (نیٹ نیوز) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن مارشل آرٹ میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں اور انہوں نے جوانی میں جوڈو میں بلیک بیلٹ حاصل کی تھی اور اب 66 سال کی عمر میں بھی حکومتی مصروفیات کے باوجود اپنا شوق پورا کرنے کیلئے وقت نکالنا نہیں بھولتے ۔ روس کے شہر سوچی میں قومی جوڈو ٹیم کے تربیتی سیشن میں صدر پیوٹن بھی شریک ہوئے ، اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی نتالیہ نے روسی صدر کیساتھ مقابلہ کیا اور انہیں چت کر دیا۔نتالیہ مقابلے میں کافی پرجوش نظر آئیں اور بعد میں انہوں نے انسٹاگرام پوسٹ میں صدر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’’اس اعزاز کیلئے شکریہ‘‘۔ صدارتی ترجمان نے بتایا کہ صدر پیوٹن کھلاڑیوں سے مل کر بہت خوش ہوئے اور انہوں نے مقابلے میں خود کو زخمی بھی کر لیا، ایک موقع پر انگلی پر بھی کٹ لگا گیا تاہم یہ معمول کی بات ہے ،کھیل تو کھیل ہوتا ہے ۔