ریاض (این این آئی)سعودی جنرل انٹیلی جنس کے سابق سربراہ شہزادہ ترکی الفیصل نے کہا ہے کہ جوہری معاہدے میں اصلاح نہ کی تو ایران ایٹم بم بنا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا خطے کے دروازے افراتفری اور بیرونی مداخلت کے لیے کھلے ہیں انہیں بند کرنے کی ضرورت ہے ،انہوں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر ایران اور مغربی طاقتوں کے درمیان طے پائے جوہری معاہدے کی اصلاح نہ کی گئی تو یہ معاہدہ ایران کو جوہری ہتھیارں کے حصول اور ایٹم بم کی تیاری سے نہیں روک سکتا۔میڈیارپورٹس کے مطابق شہزادہ ترکی الفیصل نے ان خیالات کا اظہار بحرین کے اخبار البلاد فورم کے زیر اہتمام ایک ورچوئل سیشن میں گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو جن تغیرات اور پولرائزیشن کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس میں سٹریٹجک چیلنجز سب سے اوپر ہیں جنہوں نے قیادت اور عوام کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار اور کئی سوالات کو جنم دیا ہے ۔