نئی دلی(این این آئی) غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنمائوں یاسین ملک، مسرت عالم بٹ ، شبیر احمدشاہ ، آسیہ اندرابی اور دیگرکو ان کے خلاف درج جھوٹے مقدمے کی سماعت کے سلسلے میں بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی عدالت میں پیش کیاگیا، کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوں یاسین ملک اور آسیہ اندرابی کو این آئی اے کے خصوصی جج پراوین سنگھ کی عدالت میں پیش کیاگیا ، دیگر حریت رہنمائوں مسرت عالم بٹ ، شبیر احمدشاہ اورعوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئرعبدالرشید کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت کے سامنے پیش کیاگیا۔ ، مسرت عالم بٹ اس وقت نئی دلی کی منڈولی جیل ، دیگر چاروں رہنما بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی نظربند ہیں، عدالت نے حریت رہنماؤ ں کے خلاف دائر این آئی کی چارج شیٹ کا جائزہ لیا، چارج شیٹ میں حریت رہنمائوں محمد یاسین ملک ، مسرت عالم بٹ ، آسیہ اندرابی اورکشمیری تاجر ظہور احمد وٹالی کے نام شامل ہیں، چارج شیٹ میں حریت رہنمائوں کے خلاف مبینہ مجرمانہ سازش اور بغاوت کے الزامات عائد کئے گئے ، خصوصی عدالت نے چارج شیٹ پر دلائل اور پیش کی جانیوالی دستاویزات کی جانچ پڑتال کیلئے سماعت مقدمے کی سماعت 13مارچ تک ملتوی کردی ۔