کراچی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک )آئی جی سندھ کی تبدیلی کے معاملے پروزیراعظم عمران خان اوروزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم نے وفاقی کابینہ میں آئی جی سندھ کی تبدیلی سے متعلق مشاورت سے وزیر اعلی سندھ کوآگاہ کیا اورآئی جی کیلئے نیا نام بھیجنے پرمشاورت کی۔معتمد ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ہم جو نام دے چکے ہیں انہیں میں سے کسی کو آئی جی لگایا جائے ،ہم وفاق کو نام دے چکے اب کوئی اورنام نہیں دیں گے ۔دریں اثنا آئی جی سندھ کی تبدیلی کے معاملے پر وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم سے ہونے والی گفتگو سے آگاہ کیا ۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے انسپکٹر جنرل پولیس سندھ کلیم امام کو ملاقات کیلئے آج اسلام آباد طلب کرلیا۔ذرائع کا کہنا ہے وزیر اعظم کے گزشتہ روز کراچی کے دورے کے دوران آئی جی سندھ سے ملاقات نہایت مختصر رہی تھی جس کے باعث آئی جی صوبے کی صورتحال پر انہیں بریفنگ بھی نہیں دے سکے تھے ۔ادھر آئی جی سندھ کلیم امام نے کہا کہ میرے خلاف سازش ہوئی ، اتنی آسانی سے نہیں جائونگا، اگر میں گیا بھی تو سوا لاکھ کا ہی رہوں گا۔ سی پی او آفس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم نے جتنا کام بھی کیا، یہ سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ۔ بعد ازاں آئی جی سندھ نے اپنے بیان کی وضاحت بھی کردی اور اسے مذاق قرار دیا۔ میڈیا پر بیان نشر ہونے کے بعد آئی جی سندھ کلیم امام نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں افسروں سے خطاب کر رہا تھا، مذاق میں سازش کا لفظ استعمال کیا، افسروں کی تقریر سے لگا جیسے میری الوداعی تقریب ہو، تقریب میں افسران سے کہاکہ سازش کے تحت اسے میری الوداعی تقریب بنادیا گیا۔