لاہور(خبرنگار،خصوصی نمائندہ )گجرات جیل میں ہنگامہ آرائی پر وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر وارڈن سمیت 9جیل اہلکار وں کومعطل کرکے مقدمہ درج کرنے کاحکم دے دیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاہے کہ جیلوں میں ظلم و زیادتی کرنے والوں کو نشانہ عبرت بنا دینگے ،مسترد سیاست دانوں کا کوئی مستقبل نہیں ، لوٹ مار کا حساب دیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سپیشل برانچ کو جیل کے اندر جا کرحالات کا جائزہ لینے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ جیلوں میں ظلم و زیادتی کرنے والوں کو نشانہ عبرت بنا دیں گے ۔کینٹین میں اوور چارجنگ پر متعلقہ سپرنٹنڈنٹ کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ محمد بشارت، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی جیل خانہ جات اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ملاقات کرنے والے چیف وہپ قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگرسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جنوبی پنجاب سمیت صوبے کے پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ شہروں کے برابر لائیں گے جنوبی پنجاب صوبہ بن کررہے گا ۔ملک محمد عامر ڈوگر نے کہاکہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی کاوشوں کو عملی جامہ پہنانے کا کریڈٹ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو جاتا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی سے کہاکہ مسترد شدہ سیاست دانوں کا کوئی مستقبل ہے اور نہ آئندہ ہوگا۔تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اور اپنی لوٹ مار کا حساب دیں۔ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر عنصر مجید خان نیازی، ارکان صوبائی اسمبلی محمد عامر نواز ، احسان الحق، محمد افضل، ثانیہ کامران ، احمد خان پھجر ،سید عباس شاہ اور کرنل (ر) اعجاز حسین منہیس شامل تھے ۔وزیر اعلیٰ سے چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر بٹ نے ملاقات کی اور اتھارٹی کی جانب سے چیف منسٹر فنڈ کورونا کنٹرول کیلئے 9لاکھ کا چیک پیش کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کورونا کے قومی چیلنج کے باوجود اپوزیشن رہنماؤں نے سیاست چمکانے کی کوشش کی۔قوم کو اس وقت تقسیم کرنا قابل مذمت ہے ۔وزیراعلیٰ پنجا ب نے رات گئے مزار داتا دربارگنج بخشؒ پر حاضری دی اس کے بعد قریب واقع پناہ گاہ میں اچانک پہنچ گئے اور مسافروں سے گھل مل گئے ، انکی خیریت دریافت کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیر آباد سے آئے معذور بزرگ شہری کا مسئلہ ڈی سی لاہور کو فوری حل کرنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے کبیر والا سے آئے نوجوان کو یقین دہانی کرائی کہ آپ کا مسئلہ حل کرنا میرا فرض ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب رات گئے سپیشل برانچ کے ہیڈ آفس بھی گئے ۔ وزیراعلیٰ کے دورے سے متعلقہ حکام بھی بے خبر تھے ۔وزیراعلیٰ نے سپیشل برانچ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب پولیس کی سپیشل برانچ کو خفیہ ایجنسیز کی جدید ترین تکنیکس کواپناچاہیے ۔وزیراعلیٰ کو سپیشل برانچ کے ایڈیشنل آئی جی نے کارکردگی سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزرا راجہ محمد بشارت اور سعید الحسن شاہ بھی ہمراہ تھے ۔وزیراعلیٰ نے فاروق آباد کے قریب ٹرین اور وین کے تصادم میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کااظہارکیاہے ۔ فتح جنگ میں کنویں کی صفائی کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر رپور ٹ طلب کرلی ۔