لاہور(اپنے رپورٹر سے ) پی ایچ اے کی جانب سے جیلانی پارک میں جشن بہاراں میلہ سجا دیا گیا، تا ہم وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے وقت نہ ملنے کے باعث گزشتہ روز میلہ کی افتتاحی تقریب ملتوی کر دی گئی ہے ۔ پی ایچ اے نے افتتاحی تقریب کے انعقاد کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے دوبارہ وقت مانگ لیا ہے ۔میلہ کا رسمی طور پر افتتاح نہیں ہوا لیکن اس کے باوجود جیلانی پارک لاہور میں مختلف سٹالز لگائے گئے جہاں ہر عمر اور ہر طبقہ فکر کے لئے اشیا موجود ہیں ، یہ سٹال فعال کر دیے گئے ہیں۔ جیلانی پارک میں کتابوں ،کپڑوں کے سٹال سے لے کر طوطا فال اور ثقافتی اشیا کے سٹال لگائے گئے ، پارک میں لاہوریوں کے کھانے کا شوق بھی پورا کرنے کے لئے کھانے پینے کی اشیا کے مختلف سٹال لگائے گئے ہیں۔ جیلانی پارک کو خاص انداز سے سجایا گیاجس میں پنجاب کی ثقافت اجاگر کی گئی۔پی ایچ اے کا جشن بہاراں 23 مارچ تک جاری رہے گا۔پی ایچ اے حکام کا کہنا ہے کہ رسمی طور پر میلہ کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب کریں گے اور اس موقع پر آتشبازی بھی کی جائے گی۔