لاہور،ملتان (سٹاف رپورٹر،خبر نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کا جینا دشوار ہو چکا ، حکومت کی غریب کش پالیسیوں کے خلا ف تحریک کا آغاز کردیا۔ 31اکتوبر کو اسلام آباد میں ہزاروں بے روزگار نوجوانوں کولائیں گے جوحکومت مخالف تحریک کا نقطہ آغاز ہوگا، حکومت نااہل ، سوا تین سالوں میں سمت کا تعین نہیں ہوسکا ۔حکمران اشرافیہ عوامی مسائل کے حل کیلئے غیر سنجیدہ ہے ۔معیشت کی تباہ کن صورتحال سے ہر شہری پریشان ہے ،عوام ظالم حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میاں محمد اسلم ، نصر اللہ رندھاوا اور دیگر قا ئدین نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ ٹی وی سکرینوں پر بیٹھ کراعلانات کرنے سے لوگوں کو تحفظ ملے گانہ ان کے مسائل حل ہونگے ۔ حکمرانوں نے آنے والی نسلوں کو بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی غلامی کی ہتھکڑیاں پہنا دی ہیں۔چوری کرکے بیرون ملک منتقل کی گئی قومی دولت واپس آجائے توملک کودلدل سے نکالا جاسکتا ہے ۔ عوام 31 اکتو بر کو ڈی چوک پہنچیں ، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔دریں اثنا جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کئی شہروں میں پٹرولیم قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ملتان میں کارکنوں نے چوک کچہری پر احتجاجی مظاہرہ کیا ، حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔احتجاجی شیڈول کے مطابق 22 اکتوبر کو نمازجمعہ کے بعد بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔24اکتوبر کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز پر مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔