لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار ارشاد احمد عارف نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی کئی جگہ پر کاپی موجود ہوگی، اس کا پتہ لگایاجاسکتا ہے کنفیوژن اس لئے پیدا کیا جارہاہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کسی کو سزا نہ دی جاسکے ۔ پروگرام کراس ٹاک میں میزبان اسد اللہ خان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ کے ساتھ کرپشن اورسیاست کا ملاپ ہے ۔ عمران خان کے ساتھ جو ایم کیوایم کے لوگ بیٹھے ہوئے ہیں ان سے کہا جائے کہ سانحہ بلدیہ ٹائون میں ملوث افراد کی لسٹ دیں تاکہ ذمہ داروں کو سزا مل سکے ۔ اپوزیشن کے پاس ابھی تک کوئی متبادل ایجنڈا نہیں ، اب تو ایک لیڈر پر بھی اتفاق نہیں ، یہ صرف میڈیا میں زندہ رہنے کیلئے کیا جارہاہے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی نے کہاہے کہ عزیر بلوچ کے 164 کے بیان کو پڑھ لیاجائے تو دل کانپ جاتا ہے جس میں اس نے اعتراف کیا کہ اس نے 198افراد کو قتل کیا تھا ۔انہوںنے کہا کہ عزیر بلوچ کے بیان میں انہوں نے یہ نہیں کہا کہ اس کا تعلق نوازشریف یا عمران خا ن سے تھا اس نے واضح طورپر کہا کہ ان کا تعلق آصف علی زرداری سے تھااگر بھٹو کی پارٹی پر لوگوں کو قتل کرنے کا الزام ہے تو یہ کوئی چھوٹا الزام نہیں۔پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہا کہ فہمیدہ مرزا سے کس نے کہا کہ وہ نہ بولیں جب وہ قومی اسمبلی کی سپیکر تھیں تو کیوں منہ نہیں کھولا جے آئی ٹی کے مطابق ایم کیوایم نے سانحہ بلدیہ ٹائون میں اڑھائی سے تین سو افراد کو قتل کیا ان کے ساتھ ہی آج وہ حکومت میں بیٹھی ہیں۔تجزیہ کار اوریا مقبول جان نے کہا ہے کہ کچھ بھی نہیں ہوگا عزیر بلوچ کے خلاف ایک یا دو کیس درج ہونگے اوروہ نکل جائے گا۔ کون سی جے آئی ٹی رپورٹ سچی ہے اس پر پوری قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے ۔ ایک حکومت اگر دوسری حکومت کی جے آئی ٹی رپورٹ کو غلط کہے گی تو آئندہ پھر کوئی بھی کسی کی رپورٹ پر یقین نہیں کریگا۔