اسلام آباد، راولپنڈی(سٹاف رپورٹر، رپورٹر92 نیوز)جے یو آئی (ف)ممکنہ دھرنے کے لئے جڑواں شہروں میں حالیہ صورتحال پر دونوں شہروں کی پولیس نے قیام امن کے لئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کر لیا گیا۔اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل محمد عامر ذوالفقار اور راولپنڈی پولیس کے سی پی او فیصل رانا نے فیض آباد فلائی اوور سمیت مختلف مقامات کا جائزہ لیا اور آزادی مارچ کو ناکام بنانے کے حوالے سے مشاورت کے بعد اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شہریوں کی آزادی سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ،کسی شخص یا گروہ کو کوئی سڑک بند نہیں کرنے دی جائے گی ، احتجاج کے نام پر قانون کو ہاتھ میں لینے والے فوری گرفتار ہوں گے ،جڑواں شہروں کے چپے چپے پر قانون کی حکمرانی قائم ہے اور رہے گی۔آئی جی اسلام آباد اور سی پی او راولپنڈی نے پولیس کو قیام امن کے لیے نئے ایس او پی پر ہدایات کا حکم دے دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق جڑواں شہروں میں مختلف جگہوں پر ناکے لگا کر کنٹینرز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ حساس مقامات پر بھی کنٹینرز لگا کر راستوں کو جام کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اسی منصوبہ بندی کے پیش نظر موٹر وے ،جی ٹی روڈ اور ہائی ویز پر ہیوی کنٹینروں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی پولیس نے تمام مدارس کے ساتھ ہوٹلوں اور سرائے کی نگرانی بھی سخت کر دی ہے ۔