اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسزمراد سعید نے کہاہے کہ حادثاتی چیئرمین اپنے والد کی لوٹ مار کا جواب دینے کی بجائے اوٹ پٹانگ تقریریں کررہے ہیں ۔گزشتہ روزمرادسعیدنے بلاول زرداری کی تقریرکے ردعمل میں کہا کہ حادثاتی چیئرمین کو علم ہونا چاہئے کہ نئے پاکستان میں کرپشن اور لوٹ مار ناقابل معافی جرم ہے ،حادثاتی چیئرمین جان لیں والد کرپشن کرے تو بھی سزا ملتی ہے ، پھوپھو کرپشن میں ملوث ہو تو بھی جواب طلبی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ حادثاتی چیئرمین حکومت کی کارکردگی کے تجزیے بعد میں کریں پہلے اپنی ٹی ٹیز کا جواب دیں، اس طرح کی تقریروں سے قوم جھانسے میں آئے گی نہ ہی احتساب سے آپ کی جان چھوٹ پائے گی۔ ادھرتحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر عمر سرفراز چیمہ نے بلاول زرداری کے بیان کے ردعمل میں کہا کہ حادثاتی چیئرمین بلاول بھٹو اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کی وفات پر سیاست کرنے کے بجائے سندھ کے حالات سدھارنے کا سوچیں۔انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو کبھی تو اپنے والد سے پوچھ لیں کہ اتنی دولت کہاں سے آئی۔