لاہور (نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید اوران کے 65 ساتھیوں کے خلاف مقدمات کے اخراج کی درخواست پررجسٹرار آفس کا اعتراض مسترد کردیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس انوارالحق پنوں پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی،رجسٹرار آفس نے پٹیشن کے ہمراہ مساجد کی تصویریں لف کرنے کا اعتراض عائد کیا تھا،حافظ سعید کے وکیل اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے دلائل میں کہاحکومت نے حافظ سعید پر لشکر طیبہ کا سربراہ ہونے کا بے بنیاد الزام لگاکرمقدمہ درج کیا،حافظ سعید کا القاعدہ یا لشکر طیبہ نامی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں،انڈین لابی کا حافظ سعید پر ممبئی حملوں سے متعلق بیان حقائق کے منافی ہے ، حافظ سعید ریاست پاکستان کے خلاف اقدامات میں ہرگز ملوث نہیں ،حافظ سعید اور ان کے ساتھیوں پر درج کی گئیں ایف آئی آر کالعدم قرار دی جائیں۔