لاہور(نامہ نگار خصوصی) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے حافظ سعید کو فنڈنگ کیس ساڑھے 10 سال قید کی سزا سنادی، کالعدم جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید سمیت چار افراد کو 2 مقدمات میں ساڑھے دس دس سال قید کی سزا سنائی گئی ، جج ارشد حسین بھٹہ کی عدالت میں سی ٹی ڈی کی طرف سے درج مقدمہ پر فیصلہ سنایا گیا ، ملزمان میں حافظ محمد سعید، پروفیسر ظفر اقبال اور یحییٰ مجاہد شامل ہیں ، شریک ملزم پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی، عدالت نے ملزمان کی جائیداد ضبط کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے ، سی ٹی ڈی کی جانب سے پروفیسر حافظ محمد سعید کو 17 جولائی 2019 کو گرفتار کیا گیا تھا ، حافظ سعید کیخلاف اب تک چار مقدمات کے فیصلے سنائے جا چکے ہیں ، کالعدم جماعۃ الدعوۃ کے رہنماؤں کے خلاف سی ٹی ڈی کی طرف سے کل 41 مقدمات درج ہیں، 24 مقدمات کے فیصلے ہو چکے ہیں ، باقی اے ٹی سی عدالتوں میں زیرسماعت ہیں۔ منی لانڈرنگ کے الزام میں جولائی 2019 میں جماعت الدعوۃ کے صف اول کے 13 رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے ، حافظ سعید کو سی ٹی ڈی پنجاب نے گوجرانوالہ سے گرفتار کیا تھا اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا، 11 دسمبر 2019 کو حافظ سعید اور ان کے 4 ساتھیوں پر فرد جرم عائد کی گئی۔ فروری 2020 میں بھی حافظ سعید کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دو مقدمات میں مجموعی طور پر 11 سال قید کی سزا سنائی تھی۔