لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ) ڈائریکٹرجنرل تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب سید طاہررضا ہمدانی نے صوبے بھرکے تمام چڑیاگھروں اور وائلڈلائف پارکس میں ماحولیا تی آلودگی کے خاتمے اور جنگلی جانوروں کے تحفظ کیلئے پلاسٹک کے شاپنگ بیگزکے استعمال پر پابندی لگادی ہے ۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن میں چڑیاگھر وں اوروائلڈلائف پارکس کے انچارج افسران کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی پر ہرصورت عملدرآمد یقینی بنا ئیں۔ ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف نے مزید کہا ہے کہ چڑیاگھروں اور وائلڈلائف پارکس میں سیرکیلئے آنیوا لے ایک ہی بار استعمال ہونیوالے عام پلاسٹک شاپنگ بیگز کی بجائے کپڑے یا کسی دوسرے ماحول کیلئے بے ضرر میٹریل سے بنے بیگ استعمال کریں۔ انہوں نے انچارج افسران کو شائقین اور عوام کی آگاہی کیلئے چڑیاگھروں اورپارکس کی حدود اور داخلی دروازوں پر عام شاپنگ بیگزکے ماحولیات اور جانوروں کیلئے خطرناک ہونے سے متعلق بینر آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔