لاہور (اپنے نیوز رپورٹر سے ) پی آئی سی ہسپتال حملہ کیس،وزیراعظم عمران خان کے بھانجے بیرسٹر حسان نیازی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش ہو گئے ، عدالت نے حسان نیازی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 22 جنوری تک ملتوی کردی، گزشتہ روز بھی پولیس کی جانب سے فوٹو گرامیٹک رپورٹ پیش نہ کی جا سکی، مزید یہ کہ عدالت نے پی آئی سی حملہ کیس میں نامزد 13 ملزمان وکلاء کی ضمانت میں 22 جنوری تک توسیع کردی، عدالت نے مقدمہ کے 7ملزمان کو فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کے لیے حاضر ہونے کا حکم دے دیا، عدالت نے حکم دیا ہے کہ تمام ملزمان 20 جنوری کو فرانزک لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے پیشی یقینی بنائیں، مقدمہ کے 13 ملزمان میں سے چھ کے ٹیسٹ مکمل ہو چکے ہیں، تمام ٹیسٹ مکمل ہونے پر رپورٹ پیش کریں، مقدمہ کے ملزمان رانا عدیل،عمر غوری،عبدالرحمن بٹ،اسامہ معاذ،عبدالماجد اور ملک حسان خان نیازی کی فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ مکمل ہو گئے ہیں، ملزم سید زین عباس،علی جاوید،مزمل حسین،سکندر صدیق،عابد حسین ناز،ملک حسیب اور نعیم عمر کے فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ ہونا باقی ہیں۔