کوئٹہ+اوتھل (خ ن+ نامہ نگار) بلوچستان میں لسبیلہ کی تحصیل حب میں تیز رفتار مسافر کوچ اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 27افرادزندہ جل گئے ،خواتین سمیت 9افرادزخمی ہوئے ، منگل کی شام بیلہ کراس کے قریب کراچی سے پنجگور جانے والی تیز رفتار مسافر کوچ اور ٹرک میں تصادم سے دونوں میں آگ بھڑک اٹھی ، جاں بحق ہونے والوں میں عمران ،عبیداﷲ ، محمد نواز ، عبدالجبار ، انیس، عبدالمنان ، سمیر احمد ، نور بخش ، شاہ میر ، محمد فاروق ، محمد ،مسماۃ حنا ، مسماۃ زہرا اور ایک نامعلوم بچہ شامل ہے ، زخمیوں کو بیلہ ہسپتال منتقل کیا گیا، ڈی سی لسبیلہ شبیر مینگل نے بتایا بس میں 34 افراد سوار تھے ، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے حادثے میں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کی وجوہات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ،ایم ایس سول ہسپتال کا کہنا تھا کہ جھلس جانے والے 2کی حالت تشویشناک ہے ،جھلس جانے والے دو افراد 100اور90فیصدجلے ہوئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں ٹرک ڈرائیور اورکلینربھی شامل ہیں ۔کئی مسافروں نے جا ن بچانے کیلئے بس سے چھلانگ لگا دی۔ابتدائی تحقیق کے مطابق ٹرک اور بس میں غیر قانونی ایرانی ڈیزل کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جس کی وجہ سے حادثے کے فوری بعد ہی آگ بھڑ ک اٹھی جس نے بس اور ٹرک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ایرانی ڈیزل بس کی سیٹوں کے نیچے اور بس کے اوپر ڈبوں میں موجود تھا۔واضح رہے کہ بس ڈرائیور اور مسافر پولیس کو بھتہ دے کر ایرانی ڈیزل کی سمگلنگ کرتے اور مسافروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں ۔