پاکپتن، اوکاڑہ، سمبڑیال، وزیر آباد ، حب ( ڈسٹرکٹ رپورٹرز، تحصیل رپورٹر، نامہ نگاران) حب کے علاقے وندر میں ہائی روف اور مسافر کوچ میں تصادم کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، 7افراد جھلس کرجاں بحق اور 10زخمی ہوگئے ، وندر کی جانب سے آنے والی سوزوکی ہائی روف کراچی سے آنے والی مسافر کوچ سے ٹکرا گئی جس کے باعث ہائی روف میں سوار 7افراد میں 2افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ، زخمیوں کو گاڑیوں سے نکالنے کے دوران اچانک دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے گاڑیوں کو لپیٹ میں لے لیا، ہائی روف اور کوچ میں پھنسے دیگر 5افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے ، مسافر کوچ میں سوار 10مسافر زخمی ہوگئے ۔ پاکپتن میں میں تیز رفتار لوڈڈ ٹرک توازن برقرار نہ رکھ سکنے کی وجہ سے ایک کار پر الٹ گیا ، کار سوار ایک بھائی جاں بحق اور تین بھائیوں سمیت 4 افراد شدید زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو تشویشناک حالت میں لاہورہسپتال ریفر کردیا گیا ، عینی شاہدین کے مطابق کار کی باڈی بری طرح پچک گئی ، باڈی کاٹ کر زخمیوں کو باہر نکالاگیا ، 30 سالہ احمد ثنا موقع پر چل بسا، 12، 28 اور 25 سال کے اس کے تین بھائی اور ساتھی زخمی ہوگیا، ٹرک عملہ فرار ہوگیا۔ اوکاڑہ میں موٹرسائیکل اور رکشہ میں تصادم ایک شخص جاں بحق اور 2 افراد شدید زخمی ہوگئے ، سیالکوٹ میں سمبڑیال میں موٹر سائیکل اوررکشہ کی ٹکر کے باعث 22سالہ لڑکی اقرا جاں بحق ہوگئی۔ وزیرآباد میں روزگار کے سلسلہ میں فیصل آباد جانے والا 60سالہ محنت کش سڑک عبور کرتے ہوئے ڈمپر کی کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا۔ شادمان لاہور میں موٹر سائیکل سوار خاتون صفیہ دو پٹہ چین میں پھنس جانے کے نتیجے میں گر کر شدید زخمی ہوگئی، اس کی حالت نازک ہے ۔ موچی گیٹ میں تیزرفتاری کے باعث گاڑی بے قابو ہوکر گندے نالے میں جاگری، گاڑی کو کرین کے ذریعہ نکال لیا گیا، ڈرائیور رضوان زخمی ہوگیا۔